بہار اسمبلی انتخابات: ’وزیر اعلیٰ نتیش کمار بصیرت سے محروم، عوام کی امیدیں مہاگٹھ بندھن کے منشور سے وابستہ‘ مکیش سہنی کا بیان
مکیش سہنی نے نتیش کمار پر حملہ بولتے ہوئے انہیں بصیرت سے محروم قرار دیا اور کہا کہ مہاگٹھ بندھن کا منشور بہار کے عوام کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد سب کو روزگار دیا جائے گا

پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے دوران مہاگٹھ بندھن کے رہنما اور وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر سخت حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کے پاس بہار کے ترقی کے لیے کوئی بصیرت (وژن) نہیں ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ بیس برسوں میں نتیش کمار نے اقتدار میں رہتے ہوئے وہ کام نہیں کیا جو بہار کے عوام کی زندگی بدل سکتا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہاگٹھ بندھن کا منشور بہار کے عوام کی امید بن چکا ہے اور اگر ان کی سرکار بنی تو وہ ہر قیمت پر ان وعدوں کو پورا کریں گے۔ سہنی نے کہا کہ ان کی پارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے کا کوئی بھی شخص ترقی سے محروم نہ رہے۔
مکیش سہنی نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے پاس کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے، اسی لیے وہ مہاگٹھ بندھن کے منشور کی نقل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق جتنی بھی اسکیمیں نتیش حکومت نے حال ہی میں شروع کی ہیں، ان کی جڑیں مہاگٹھ بندھن کی پالیسیوں میں نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ لوگ بہار کی ترقی کے بارے میں کبھی سوچتے ہی نہیں، ان کا مقصد صرف اقتدار پر قابض رہنا ہے۔‘‘
سہنی نے نتیش کمار پر نقالی کے الزامات کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ‘مائی بہن مان یوجنا‘ کے تحت سبھی کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا اعلان کیا تو نتیش کمار نے ایک مشت 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ ہم نے بیوہ پنشن کے تحت 1100 روپے دینے کا اعلان کیا تو انہوں نے 1500 روپے طے کر دیے۔ ہم نے 200 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ کیا تو انہوں نے بھی اسی طرح کا اعلان کر دیا۔ اگر وہ واقعی بہار کے لوگوں کی فکر کرتے، تو یہ فیصلے پہلے ہی کر لیتے۔‘‘
سہنی نے مزید کہا کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے پر سبھی کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی نہیں چاہتے کہ بہار کے نوجوانوں کو اپنے صوبے میں روزگار ملے، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ دوسرے صوبوں میں مزدوری کے لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اقتدار میں رہ کر ایجنسیوں کا غلط استعمال کرے گا، تو ان کی حکومت بننے کے بعد ایسی روش برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ بہار میں کسی کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
’جن نائک‘ کے سوال پر سہنی نے کہا کہ کوئی شخص پیدائشی نہیں بلکہ اپنے عمل سے جن نائک (عوامی رہنما) بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی اور تیجسوی یادو جیسے لیڈر بھی اپنی خدمت اور کام سے عوام کے دلوں میں جگہ بنا سکتے ہیں۔"
سہنی نے موجودہ حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے لیڈر 80 کروڑ لوگوں کو 5 کلو اناج دے کر اسے ترقی قرار دے رہے ہیں، جو دراصل عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تبدیلی کے لیے ووٹ دیں تاکہ بہار میں حقیقی ترقی ممکن ہو سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔