بہار میں پھر کورونا کے معاملوں میں تیزی، وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی متاثر

بہار میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے معاملوں میں تیزی نظر آ رہی ہے، دریں اثنا، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں، وہ گزشتہ تین چار روز سے علیل تھے۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے معاملوں میں تیزی نظر آ رہی ہے اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ گزشتہ تین چار روز سے علیل تھے۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے منگل کے روز جاری بیان کے مطابق ’’وزیر اعلیٰ نتیش کمار کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گزشتہ دو تین دنوں سے خود کو بیمار محسوس کر رہے تھے، پیر کو انہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا، جس میں وہ پازیٹیو پائے گئے۔‘‘ نتیش کمار فی الحال اپنی رہائش گاہ پر آئسولیشن میں ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے گزشتہ دو تین دنوں میں رابطے میں آنے والے لوگوں سے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانے کی اپیل کی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار سے پہلے بھی بہار کے کئی وزیر کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ بہار سے پہلے نائب وزیر اعلیٰ تارکشور پرساد بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار صدر دروپدی مرمو کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت نہیں کر سکے۔

ادھر، ملک کی بات کریں تو مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14830 نئے کیسز درج کئے گئے، جس کے بعد ملک میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 43920451 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی زیر علاج مریضوں کی تعداد 150877 سے کم ہو کر 147512 ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔