ای ڈی کے سامنے آج پھر بیان درج کرائیں گی سونیا گاندھی، کانگریس کارکن اور لیڈر کریں گے پرامن احتجاج

کانگریس صدر سونیا گاندھی آج پھر ای ڈی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گی۔ دوسری طرف سونیا گاندھی کی حمایت میں کانگریس پارٹی پُرامن احتجاج کرے گی

ای ڈی دفتر جاتے ہوئے سونیا گاندھی / قومی آواز / وپن
ای ڈی دفتر جاتے ہوئے سونیا گاندھی / قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہی: کانگریس صدر سونیا گاندھی آج پھر ای ڈی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گی۔ دوسری طرف سونیا گاندھی کی حمایت میں کانگریس پارٹی پُرامن احتجاج کرے گی۔ اس سلسلے میں کانگریس کے جنرل سکریٹریوں، ریاستی انچارجوں اور ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کانگریس صدر دفتر سے پارلیمنٹ تک پرامن طریقے سے احتجاج کرے گی۔

کانگریس پارٹی نے کہا کہ اجلاس میں تمام لیڈروں کی تجاویز لی گئیں، پہلے کوشش تھی کہ راج گھاٹ پر پرامن دھرنا دیا جائے لیکن دہلی پولیس سے اس کی اجازت نہیں ملی۔ اس کے بعد کانگریس کے صدر دفتر پر پرامن دھرنا دینے کا فیصلہ لیا گیا، ادھر پارٹی لیڈران اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں گے۔


خیال رہے کہ کانگریس نے دہلی پولیس کو ایک خط ارسال کیا تھا، جس میں راج گھاٹ پر پر امن احتجاج کی اجازت طلب کی گئی تھی لیکن دہلی پولیس نے اس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ اس کو لے کر کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے کہا کہ دہلی پولیس نے راج گھاٹ کے قریب احتجاج کے حوالہ سے 3 متبادل مانگے تھے، جو ہم نے انہیں دئے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ حکومت حزب اختلاف کی آواز کو دبا رہی ہے۔


وہیں، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ دنیا میں ہر کسی کو گاندھی جی کی تصویر کو سامنے رکھ کر احتجاج کرنے کی اجازت ہے لیکن جس ملک نے گاندھی جی کو جنم دیا، اس ملک کے لوگوں کو اس کی اجازت نہیں ہے۔ ہم عدم تشدد کے راستے پر چلتے ہوئے احتجاج کرنا چاہتے تھے لیکن حکومت نے ہمیں اجازت نہیں دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔