بہار انتخاب: پپو یادو کا انتخابی منشور جاری، سوشانت کے نام پر فلم سٹی بنانے کا وعدہ

جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ پپو یادو نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت بنی تو ہر ضلع میں کھیل اسٹیڈیم بنائے جائیں گے اور فرسٹ ڈویژن لانے والے طلبا کو موٹر سائیکل دیا جائے گا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر ریاست کی چھوٹی بڑی سبھی پارٹیوں میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اس درمیان جن ادھیکار پارٹی (جاپ) کے سربراہ پپو یادو نے اپنی پارٹی کا انتخابی منشور بھی جاری کر دیا ہے۔ انھوں نے اس کو 'پرتیگیا پتر' نام دیا ہے۔ اس موقع پر پپو یادو نے کہا کہ "آج پہلی مرتبہ راج نیتی شاستر نہیں سماج شاستر کی شکل میں پرتیگیا پتر لایا گیا ہے۔ بہار کو 30 سالوں تک دو بھائیوں نے لوٹا ہے، اب ایک موقع مجھے دیجیے۔"

پپو یادو نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ "آج ایک خادم اور بہار کے بیٹے کی حیثیت سے میں ایک مدت کار مانگ رہا ہوں۔ پہلی بار فاروڈ، بیک ورڈ، ہندو، مسلمان، دلت، مہادلت جیسے الفاظ کو بہار سے اکھاڑنے کا کام اس 'پرتیگیا پتر' کے ذریعہ سے کیا ہے۔" انھوں نے اپنے انتخابی منشور میں کئی وعدے کیے ہیں جو انتہائی پرکشش بھی ہیں۔ اس میں وعدہ کیا گیا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کے نام پر فلم سٹی کی تعمیر کی جائے گی۔ ساتھ ہی پپو یادو نے کہا کہ "آج اگر بہار کے باصلاحیت نوجوان دوسری ریاستوں میں نظر انداز کیے جا رہے ہیں تو اس کی وجہ بہار میں کھیل اور تفریح کے لیے بنیادی ڈھانچہ کی کمی ہے۔ ہماری حکومت ہر ضلع میں کھیل اسٹیڈیم بھی بنائے گی۔"


جن ادھیکار پارٹی کے ذریعہ بہار کی موجودہ صورت حال کو بدلنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پپو یادو نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت بننے پر سبھی طبقہ کو یکساں حق دیا جائے گا اور سبھی طبقات سے ایک ایک نائب وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔ طلبا کے تعلق سے بات کرتے ہوئے پپو یادو نے کہا کہ انٹر کا امتحان اول درجہ سے پاس کرنے والے طلبا کو موٹر سائیکل اور طالبات کو اسکوٹی دینے کا انتظام کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔