بہار: پہلی بار شراب نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر گھر کے باہر چسپاں ہوگا انتباہی پوسٹر!

پوسٹر پر لکھا ہوگا کہ دوسری بار شراب نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر ایک سال قید کی سزا ملنی یقینی ہے۔

شراب، تصویر آئی اے این ایس
شراب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں اگر کوئی پہلی بار شراب پیتے ہوئے پکڑا گیا تو اس پر جرمانہ تو عائد کیا ہی جائے گا، تاہم اس کے گھر پر انتباہی پوسٹر بھی چسپاں کر دیا جائے گا۔ پوسٹر پر لکھا ہوگا کہ دوسری بار شراب نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر ایک سال قید کی سزا ملنی یقینی ہے۔ محکمہ ممانعت شراب کے حکام کے مطابق پوسٹر چسپاں کرنے کا مقصد انتباہ دینا ہے۔

محکمہ کے افسران ایسے لوگوں کی جانچ بھی کریں گے اور شبہ ہونے پر سانس کا جائزہ لینے والے آلہ (بریتھ اینالائزر) سے تفتیش بھی کر سکیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال ممانعت شراب قانون میں ترمیم کرتے ہوئے پہلی بار شراب نوشی کرنے والوں کو پکڑے جانے پر جرمانے کے ساتھ رہا کرنے کا التزام کیا گیا ہے۔


محکمانہ افسر کے مطابق پہلی بار شراب نوشی کے معاملہ میں پکڑے گئے ملزم کو حلف نامہ اور تین سے پانچ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے بعد رہا کر دیا جائے گا۔ اب تک 50 ہزار سے زائد افراد کو اس شق کے تحت جرمانہ ادا کر کے رہا کیا جا چکا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ محکمہ ممانعت شراب نے ایسا قدم اس لیے اٹھایا ہے کیونکہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ پہلی بار پکڑے جانے کے بعد بہت سے لوگ دوبارہ شراب نوشی کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ شراب پر پابندی کے بعد بھی بہار میں غیر قانونی شراب کا دھندہ چلائے جانے کے الزامات عائد ہوتے رہتے ہیں۔ ہر روز ریاست کے کسی نہ کسی حصے سے شراب پکڑی جانے کی خبریں بھی لگاتار موصول ہوتی رہتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔