ملک میں انٹرنیٹ خدمات کے نئے دور کا آغاز، وزیر اعظم مودی نے کیا ’فائیو جی‘ خدمات کا افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں انڈین موبائل کانفرنس (آئی ایم سی) کے چار روزہ پروگرام کا افتتاح کیا اور اس کے بعد ملک میں 5 جی موبائل خدمات کا آغاز کر دیا

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں انڈین موبائل کانفرنس (آئی ایم سی) کے چار روزہ پروگرام کا افتتاح کیا اور اس کے بعد ملک میں 5 جی موبائل خدمات کا آغاز کر دیا۔ یہ ہندوستان کے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔ ہندوستان ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ یہ آئی ایم سی کا چھٹا ایڈیشن ہے، اس کی تھیم ’نیو ڈیجیٹل ورلڈ‘ ہے۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے ٹیلی کام آپریٹروں سے بھی گفتگو کی۔

ہندوستان پر 5G کا کل اقتصادی اثر 2035 تک 450 بلین امریکی ڈالر تک ہونے کا اندازہ ہے۔ 4جی کے مقابلے میں، 5جی نیٹ ورک کئی گنا تیز رفتار دیتا ہے اور بلا رکاوٹ خدمات فراہم کرتا ہے۔ یہ اربوں منسلک آلات کو حقیقی وقت میں ڈیٹا کا اشتراک کرنے کے قابل بھی بناتا ہے۔

ایک سرکاری ریلیز کے مطابق 5 جی ٹیلی کام نیٹ ورک سے موبائل ڈیٹا کا بہاؤ کئی گنا تیز ہو گا اور لوگوں کو عالمی معیار کی قابل اعتماد مواصلاتی سہولیات میسر ہوں گی۔ 5 جی ٹیکنالوجی توانائی کی کارکردگی اور اسپیکٹرم اور نیٹ ورک کے استعمال کو بہتر بنائے گی۔


اس دوران پی ایم مودی نے اسے نہ صرف لانچ کیا بلکہ تجربہ بھی کیا۔ انہوں نے جانا کہ اسے کس طرح استعمال کیا جائے گا۔ 5جی کی رفتار 4جی سے 10 گنا زیادہ ہوگی۔ اسے بہتر آواز کے معیار اور کنیکٹیویٹی کے ساتھ لایا گیا ہے۔

قبل ازیں، وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’اب سے تھوڑی دیر میں انڈین موبائل کانگریس شروع ہو رہی ہے, جہاں ہندوستان کا 5G انقلاب شروع ہونے جا رہا ہے۔ میں خاص طور پر ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والوں، میرے نوجوان دوستوں اور اسٹارٹ اپ دنیا سے اس خصوصی پروگرام میں شامل ہونے کی درخواست کرتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔