بہار: خصوصی گہری نظرثانی کا 98 فیصد کام مکمل، مزید 15 لاکھ فارم کا انتظار، ایک لاکھ ووٹرس کا کوئی پتہ نہیں

ایس آئی آر کے پہلے مرحلہ میں غلط طریقے سے شامل تمام ووٹرس کی لسٹ اور اب تک فارم نہ بھرنے والوں کی لسٹ 12 اہم سیاسی جماعتوں کو بھیجی جا چکی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کا کام مکمل ہونے والا ہے۔ 23 جولائی تک 98.01 فیصد ووٹرس کے فارم پُر کیے جا چکے ہیں۔ اس عمل کے دوران 20 لاکھ ایسے ووٹرس ملے ہیں جن کی موت ہو چکی ہے، 28 لاکھ ایسے ووٹرس ہیں جنہوں نے اپنا مستقل پتہ تبدیل کر لیا ہے، 7 لاکھ ایسے ووٹرس ہیں جنہوں نے ایک سے زائد جگہ پر اپنا اندراج کرا رکھا ہے اور 1 لاکھ ووٹرس کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ 15 لاکھ ووٹرس کے فارم ابھی واپس نہیں ملے ہیں، جبکہ 17 کروڑ ووٹرس (90.89 فیصد) کے فارم ملے اور ڈیجیٹائزڈ ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق ایس آئی آر کے پہلے مرحلہ میں غلط طریقے سے شامل تمام ووٹرس کی لسٹ اور اب تک فارم نہ بھرنے والوں کی لسٹ 12 اہم سیاسی جماعتوں کو بھیجی جا چکی ہے۔ بہار کے ایسے ووٹرس جو اس وقت عارضی طور پر بہار سے باہر رہ رہے ہیں اور اگر وہ کہیں اور کے ووٹرس نہیں بنے ہیں تو وہ بھی اپنا فارم بھر سکتے ہیں۔ آئیے ذیل میں جانتے ہیں کہ اس کے لیے انہیں کیا کرنا ہوگا:

  • اپنا فارم آن لائن https://voters.eci.gov.in یا ECINet پر بھر سکتے ہیں۔

  • اپنا فارم بھر کر اہل خانہ کے ذریعہ بی ایل او تک پہنچا سکتے ہیں۔

  • اپنا پرنٹڈ فارم دستخط کر کے بی ایل او کو وہاٹس ایپ بھی کر سکتے ہیں۔

  • فارم جمع کرنے والے ووٹر کا نام ڈرافٹ لسٹ میں شامل ہوگا۔ ووٹر https://voters.eci.gov.in/home/enumForm Track# پر اپنے فارم کے بھرے جانے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ کمیشن نے ان تمام ووٹرس کو ایس ایم ایس بھیجے ہیں جن کے فارم میں موبائل نمبر درج ہیں۔


یکم اگست 2025 کو ایس آئی آر کے پہلے مرحلہ کے اختتام پر ووٹرس کی ڈرافٹ لسٹ جاری کی جانی ہے۔ اس لسٹ میں اگر کوئی بھی غلطی ہے تو کوئی بھی ووٹر یا سیاسی پارٹی کسی بھی ووٹر کے نام پر اپنا اعتراض یکم ستمبر تک اس اسمبلی حلقہ کے ای آر او یا اے ای آر او کے پاس درج کرا سکتا ہے۔ اسی طرح کوئی بھی اہل شخص اگر لسٹ میں اپنا نام نہیں پاتا ہے تو وہ یکم ستمبر تک دعویٰ دائر کر سکتا ہے۔

دوسری جانب ووٹر لسٹ کی نظر ثانی کو لے کر اپوزیشن جماعتیں خاص طور سے کانگریس حکومت پر جم کر حملہ بول رہی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ گردھاری یادو نے ایس آئی آر کو تغلقی فرمان بتایا ہے۔ جے ڈی یو رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن کو نہ بہار کی تاریخ معلوم ہے اور نہ ہی جغرافیہ۔ برسات کے ایام میں کاغذ مانگ رہے ہیں، جبکہ مجھے ہی کاغذ تلاش کرنے میں 10 روز لگ گئے۔ میرا بیٹا امریکہ میں رہتا ہے، وہ کیسے دستخط کرے گا؟ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر زبردستی مسلط کیا ہے، کرنا ہی تھا تو 6 ماہ کا وقت دیتے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔