’سب سے بڑا ڈرامہ باز...‘، پارلیمانی اجلاس سے قبل پی ایم مودی کے خطاب پر جئے رام رمیش کا حملہ
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ اگر پارلیمنٹ بہتر انداز میں نہیں چلتا تو اس کی پوری ذمہ داری وزیر اعظم کی ہے۔ وہ اپنی ضد کے سبب اپوزیشن کو عوام کے اہم ایشوز پر بولنے کا موقع ہی نہیں دیتے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہونے سے قبل پارلیمانی احاطہ میں ایک بیان دیا جو تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ ڈرامہ بازی کی جگہ نہیں ہے، اس لیے نعرے بازی اور ڈرامہ بازی کسی دوسری جگہ کریں۔ اس تعلق سے کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اپنا تلخ رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ (اجلاس) شروع ہونے سے قبل وزیر اعظم کا بیان محض پاکھنڈ ہے۔ سب سے بڑا ڈرامہ باز ہی یہاں ڈرامے کی بات کر رہا ہے۔‘‘
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’وزیر اعظم کبھی پارلیمنٹ نہیں آتے اور لگاتار اس کی اہمیت کو کمزور کرتے ہیں۔‘‘ پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’وہ (پی ایم مودی) کبھی اپوزیشن سے بات نہیں کرتے۔ پھر بھی ہر اجلاس شروع ہونے سے قبل وہ پارلیمنٹ احاطہ کے باہر کھڑے ہو کر بڑے بڑے بیان دیتے ہیں، اور ملک سے اپیل کرتے ہیں کہ اپوزیشن تعمیری تعاون کرے تاکہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا بہتر انداز میں چل سکے۔‘‘
یہ تبصرہ جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اگر پارلیمنٹ بہتر انداز میں نہیں چلتا تو اس کی پوری ذمہ داری وزیر اعظم کی ہے، کیونکہ وہ اپنی ضد کے سبب اپوزیشن کو عوام کے اہم ایشوز پر بولنے کا مقع ہی نہیں دیتے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’انھیں ہمیشہ ہر فیصلہ اپنی مرضی سے کروانا ہے، اور اپوزیشن کو اپنی بات رکھنے کا کم از کم موقع بھی نہیں دیتے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔