ہماچل پردیش: کانگریس حکومت کا بڑا اعلان، کانسٹیبل کے 30 فیصد عہدے خواتین کے لیے محفوظ

سکھوندر سنگھ سکھو کی کابینہ نے یتیموں اور کمزور طبقات کو فائدہ پہنچانے کے لیے ’مکھیہ منتری سُکھ آشرے یوجنا‘ میں مزید التزامات جوڑنے کو منظوری دی۔

<div class="paragraphs"><p>ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی کابینہ نے جمعہ کو تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ریاست میں پولیس کانسٹیبل کے 30 فیصد عہدے خواتین کے لیے محفوظ کرنے کا فیصلہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ نے 1226 عہدوں کو بھرنے کے لیے ترمیم کو بھی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی کابینہ نے یتیموں اور سماج کے کمزور طبقات کو فائدہ پہنچانے کے لیے ’مکھیہ منتری سُکھ آشرے یوجنا‘ میں کچھ مزید التزامات جوڑنے کو بھی منظوری دی۔ نئے التزامات کے تحت ہر یتیم 27 سال کی عمر تک پاکٹ منی (جیب خرچ) کی شکل میں ماہانہ چار ہزار روپے حاصل کرنے کا حقدار ہوگا۔ اس کے علاوہ ان یتیموں کو دو لاکھ روپے کی یک مشت شادی گرانٹ دینے کا بھی فیصلہ لیا گیا جنھوں نے چلڈرن ہوم چھوڑ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی صدارت میں کابینہ نے پوہ سے کاجا تک سرحدی علاقہ کے گاؤں کو بجلی دستیاب کرانے کے لیے 486.47 کروڑ روپے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) کو بھی منظوری دے دی۔


ایک آفیشیل بیان میں کہا گیا ہے کہ کنور ضلع کے سرحدی علاقوں اور لاہول اسپیتی ضلع کے اسپیتی بلاک کے 32 گاؤں میں الیکٹرسٹی بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے لیے 6.49 کروڑ روپے کی ڈی پی آر کو بھی منظوری دی گئی۔ اس میں محکمہ زراعت میں ایگریکلچر ڈیولپمنٹ افسران کے 40 عہدے، ہوم گارڈ اور شہری سیکورٹی محکمہ میں حولدار ٹرینرس کے 10 عہدوں کو منظوری دی گئی۔

شملہ میں اٹل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سپر اسپیشلٹیز میں نیفرولوجی محکمہ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے دو عہدے، شملہ میں اندرا گاندھی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں ہڈی امراض ڈپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے ایک عہدہ اور منڈی میں شری لال بہادر شاستری سرکاری میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں ای این ٹی محکمہ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے ایک عہدہ کو بھرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔