چنڈی گڑھ واقع اسکول میں اندوہناک حادثہ، 250 سال قدیم درخت گرنے سے 1 طالبہ ہلاک، 14 زخمی

حادثہ اس وقت ہوا جب اسکول میں بچے لنچ کر رہے تھے، کئی بچے بڑے درخت کے پاس کھیل رہے تھے تبھی اچانک درخت بچوں پر گرا، زخمی بچوں کو جی ایم ایس ایچ-16 میں داخل کرایا گیا ہے۔

تصویر @ArvindChhabra
تصویر @ArvindChhabra
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ کے سیکٹر-9 واقع آل گرلس کارمیل کانوینٹ اسکول میں 250 سال قدیم پیپل کا درخت گرنے سے ایک طالبہ کی موت ہو گئی جب کہ 14 دیگر زخمی ہو گئے۔ تقریباً 70 فیٹ اونچا درخت اکھڑ گیا اور اس کے نیچے کھیل رہے اسکولی بچے اس کی زد میں آ گئے۔ ایک طالب علم اور ایک خاتون کنڈکٹر کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ ہیریٹج ٹری کو مرکز کے زیر انتظام خطہ کی انتظامیہ کے ذریعہ تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ تب ہوا جب اسکول میں لنچ کا وقت تھا اور کئی بچے اس بڑے درخت کے پاس کھیل رہے تھے۔ اچانک درخت گرنے سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی بچے درخت کے نیچے دب گئے۔ بیشتر زخمی بچوں کو جی ایم ایس ایچ-16 میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد طلبا کے سرپرست بھاگتے ہوئے اسکول پہنچ گئے اور ایک ہنگامے کا ماحول پیدا ہو گیا۔


اس اندوہناک حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے مقامی رکن پارلیمنٹ کرن کھیر نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’کارمیل کانوینٹ اسکول چنڈی گڑھ میں ایک درخت گرنے سے کئی طلبا زخمی ہو گئے۔ غمزدہ کنبوں کے تئیں میری ہمدردی ہے اور میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتی ہوں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ چنڈی گڑھ میں گزشتہ ایک ہفتے سے بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔