بھوپندر سنگھ ہڈا ہریانہ اسمبلی میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر مقرر

ہریانہ کے نو منتخب اراکین اسمبلی کی جمعہ کے روز ہوئی میٹنگ میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر بنائے جانے کا فیصلہ کانگریس صدر سونیا گاندھی پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے سنیچر کے روز سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا کو ہریانہ اسمبلی میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر مقرر کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ہریانہ امور کے انچارج غلام نبی آزاد نے آج بتایا، ’’بھوپندر سنگھ ہڈا کو کانگرییس نے ہریانہ اسمبلی میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر مقرر کیا ہے۔‘‘

سابق وزیر اعلی کو ہریانہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کا اعلان آزاد نے آج کانگریس کے جنرل سکریٹری کے وی وینو گوپال اور پارٹی ترجمان پون کھیڑا کی موجودگی میں کیا۔ ہریانہ کے نو منتخب اراکین اسمبلی کی جمعہ کے روز ہوئی میٹنگ میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر بنائے جانے کا فیصلہ کانگریس صدر سونیا گاندھی پر چھوڑ دیا گیا تھا۔


ہریانہ کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ کل سیکٹر نو واقع دفتر میں ہوئی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے میٹنگ کے لئے پارٹی کے جنرل سکریٹری مدھوسودن مستری کو مرکزی مشاہد کے طور پر بھیجا تھا۔

ہریانہ کی 90 رکنی اسمبلی سیٹ کے لئے انتخابی نتائج 24 اکتوبر کو آئے تھے۔ انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 40 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بنی تھی۔ کانگریس کو 31 اور دشینت چوٹالہ کی جن نايک جنتا پارٹی کو دس سیٹیں ملی ہیں۔


بی جے پی نے حکومت بنانے کے لئے دشینت چوٹالہ کی پارٹی سے اتحاد کیا۔ منوہر لال کھٹر نے دوبارہ وزیر اعلی کا حلف لیا ہے جبکہ چوٹالہ نائب وزیر اعلی بنے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔