ہاتھرس واقعہ سے ناراض بھیم آرمی نے اسمبلی کے سامنے پھینکا کوڑا، کہا 'انصاف نہیں مل رہا'

اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں دلت لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری پر ہنگامہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ہفتہ کے روز بھیم آرمی نے لکھنؤ میں اسمبلی کے سامنے کوڑا ڈال کر احتجاج درج کرایا ہے۔

لکھنؤ ودھان سبھا، تصویر یو این آئی
لکھنؤ ودھان سبھا، تصویر یو این آئی
user

تنویر

اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں ایک دلت لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری معاملہ میں ہنگامہ کسی حال کم ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ ہفتہ کے روز اس واقعہ سے ناراض بھیم آرمی نے لکھنؤ میں اسمبلی کے سامنے کوڑا ڈال کر احتجاج درج کرایا ہے۔ ہاتھرس کے واقعہ کے خلاف احتجاج درج کرانے کے مقصد سے بھیم آرمی کارکنان نے موٹر سائیکل پر کوڑے کی بوری لائے اور نعرے بازی کرنا شروع کر دی۔ پھر اس کوڑے کو اسمبلی کے سامنے ڈال دیا۔ اسمبلی کے باہر کھڑی پولس نے فوری طور پر دو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور اسمبلی کے باہر کا کوڑا بھی ہٹا دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بھیم آرمی ضلع صدر انیکیت دھانوک آج صبح ایکٹیوا موٹر سائیکل سے اسمبلی کے باہر پہنچے۔ یہاں لوک بھون کے صدر دروازے اور اسمبلی کے گیٹ نمبر چار کے باہر کوڑے کی بوری پلٹ دی۔ وہ بوری میں رکھا کوڑا سڑک پر بکھیرنے لگے۔ یہ دیکھ پولس کی ٹیم بھاگتے ہوئے پہنچی۔ بھیم آرمی کارکنان نعرے بازی کرنے لگے۔ پولس نے انیکیت دھانوک اور اس کے ساتھی کو حراست میں لے لیا اور حضرت گنج تھانہ لے گئی۔ اس واقعہ کے بعد ضلع صدر انیکیت نے کہا کہ اتر پردیش میں ہماری بہن بیٹیوں کے ساتھ عصمت دری اور قتل جیسے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں، انھیں کوئی انصاف نہیں مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔