بھارت جوڑو یاترا: 13ویں دن راہل بریگیڈ نے کیا 21 کلومیٹر کا سفر، جلد ہی پرینکا گاندھی بھی یاترا میں ہوں گی شامل

’بھارت جوڑو یاترا‘ کے تحت کنیاکماری سے کشمیر تک 3570 کلومیٹر کا سفر کیا جانا ہے، یہ سفر 150 دنوں پر مشتمل ہے جس کو لے کر سبھی بھارت یاتری انتہائی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ نے 13ویں دن کے اختتام پر 283 کلومیٹر کا سفر مکمل کر لیا ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں کشمیر کی طرف بڑھ رہی اس یاترا نے 13ویں دن 21 کلومیٹر کا احاطہ کیا اور بدھ کی صبح ایک بار پھر پرجوش ’بھارت یاتری‘ عوام کے مسائل جاننے کے لیے نکلے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے آج کی یاترا ختم ہونے کے بعد یہ جانکاریاں بذریعہ ٹوئٹ دیں۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کانگریس نے اب تک 283 کلومیٹر کا سفر مکمل کر لیا ہے۔ یاترا میں شامل لوگ (آج) 21 کلومیٹر پیدل چلے اور وہ آج رات کو مدوانا واقع کیرالہ یونیورسٹی آف فشریز اینڈ اوشن اسٹڈیز کے میدان میں اپنا کیمپ لگائیں گے۔ آگے دو دن کا سفر کوچی ضلع میں ہوگا۔ اگلے دن راہل گاندھی دوپہر ایک بجے پریس کانفرنس کریں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے تحت کنیاکماری سے کشمیر تک 3570 کلومیٹر کا سفر کیا جانا ہے، یعنی ابھی تقریباً 3300 کلومیٹر کا سفر باقی ہے۔ یہ سفر 150 دنوں پر مشتمل ہے جس کو لے کر سبھی بھارت یاتری انتہائی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ عوام بھی اس یاترا میں بڑی تعداد میں شریک ہو رہے جس سے بھارت یاتریوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ کانگریس کی یہ یاترا ملک میں محبت و اتحاد پیدا کرنے کے مقصد سے ہو رہی ہے، اور آج راہل گاندھی نے اس کا اظہار اپنے ایک خطاب کے دوران بھی کیا۔ انھوں نے کیرالہ کے ارور جنکشن پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نفرت پھیلانے والوں کو دنیا یاد نہیں رکھتی، لیکن انسانیت اور پیار سکھانے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔‘‘


دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت جلد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شریک ہوں گی۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے میڈیا اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے اس سلسلے میں جانکاری دی۔ انھوں نے کیرالہ کے الاپوژا ضلع میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پرینکا گاندھی جلد ہی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوں گی، وہ کیرالہ میں ہی یاترا کا حصہ بنیں گی۔‘‘ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ یکم اکتوبر کو بھارت جوڑو یاترا کرناٹک میں داخل ہو جائے گی۔ یعنی آئندہ 10 دنوں کے اندر پرینکا گاندھی کی شرکت اس یاترا میں ہو سکتی ہے۔

بہرحال، کانگریس کے سینئر لیڈر کے. مرلی دھرن، پون کھیڑا، کیرالہ اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر وی ڈی ستیشن اور شنیمل عثمان سمیت پارٹی کے کئی لیڈران نے آج صبح راہل گاندھی کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں پیدل سفر کیا۔ راہل گاندھی کی جھلک پانے کے لیے سڑک کے کنارے روزانہ کی طرح آج بھی بڑی تعداد میں مرد و خواتین اور بچے انتظار کرتے دیکھے گئے۔ کئی مقامات پر راہل گاندھی نے رک کر عوام سے ملاقات بھی کی اور ان کی باتیں سنیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */