بھارت جوڑو یاترا: آج پدیاتریوں کی طرف سے اٹھایا گیا ہر قدم انکیتا بھنڈاری اور بلقیس بانو جیسی مظلوم خواتین کے لیے وقف تھا!

راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے ’’وزیر اعظم کا نعرہ: بیٹی بچاؤ۔ بی جے پی کا عمل: زانیوں کو بچاؤ۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بھارت جوڑو یاترا میں آج کا دن بہت خاص رہا کیونکہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں 27 ستمبر کے دن بھارت پدیاتریوں کے اٹھے ہر قدم کو بچیوں و خواتین پر ہو رہے مظالم کے خلاف قرار دیا گیا۔ مرکز کی مودی حکومت کو کانگریس نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا کیونکہ اس کے ذریعہ بچیوں و خواتین کو تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے آج اپنے ایک ٹوئٹ میں اس بات کا تذکرہ بھی کیا کہ آج پدیاتریوں کے اٹھے ہر قدم انکیتا بھنڈاری اور بلقیس بانو جیسی مظلوم خواتین کے لیے وقف تھا۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کے دوران آج شام پدیاتریوں کی طرف سے اٹھایا گیا ہر قدم لڑکیوں اور جواں سال خواتین پر مسلسل مظالم کے ایشوز کے لیے وقف تھا۔ تازہ ترین معاملہ اتراکھنڈ میں انکیتا قتل واقعہ ہے۔ اس سے قبل بلقیس بانو کے کیس میں انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں۔‘‘

انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ پر اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے کئی پوسٹس کیے ہیں۔ ایک پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’انکیتا قتل واقعہ میں ثبوتوں کا مٹایا جانا ایک بے حد سنگین مسئلہ کی طرف اشارہ ہے۔ ملک کی باگ ڈور ان ہاتھوں میں ہے جو زانیوں اور قاتلوں کا ساتھ نبھاتے ہیں۔ بیٹیوں کی سیکورٹی جن کی نیت میں نہیں۔ جو محافظ کا مکھوٹا لگا کر، ظالم بن چکے ہیں۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے ’’ملک میں خواتین کی سیکورٹی کے کھوکھلے دعووں کے درمیان انکیتا کا اندوہناک قتل ہمیں ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ بیٹیوں کی حفاظت میں پوری طرح ناکام رہی بی جے پی کا قاتلوں کو پناہ دینا پورے ملک کو شرمندہ کر رہا ہے۔‘‘


آج بھارت جوڑو یاترا کے دوران انکیتا بھنڈاری کی روح کو سکون پہنچانے کے مقصد سے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر بھارت یاتریوں نے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ اس موقع تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔ راہل گاندھی کی ایک ویڈیو کانگریس نے ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں وہ انکیتا قتل واقعہ پر حکومت سے سوال پوچھتے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہے ’’جو ملک خواتین کا احترام اور انھیں مضبوط کرنا نہیں جانتا، وہ کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کر سکتا۔‘‘ راہل گاندھی نے خود بھی ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں پی ایم مودی پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’وزیر اعظم کا نعرہ: بیٹی بچاؤ۔ بی جے پی کا عمل: زانیوں کو بچاؤ۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’یہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہیں جن کی وراثت ہوگی– صرف تقریر، جھوٹی اور کھوکھلی تقریر۔ ان کی حکومت تو جرائم پیشوں کو وقف ہے۔ اب ہندوستان چپ نہیں بیٹھے گا۔‘‘

ایک ٹوئٹ میں کانگریس نے اتراکھنڈ حکومت پر انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ سے جڑے ثبوتوں کو مٹانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے ’’شرمناک! اتراکھنڈ حکومت نے انکیتا قتل واقعہ سے جڑے ثبوت مٹا دیے۔ کیا دیو بھومی کی بیٹی کو انصاف دلانا ان کا فرض نہیں؟ اقتدار کے لالچ میں اندھی ہو چکی دھامی حکومت آخر کس کی حفاظت کے لیے ہے۔ بی جے پی سے جڑے ایسے درندوں کی یا انکیتا جیسی بیٹیوں کی؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */