بھارت جوڑو یاترا: کشمیری پنڈتوں کے نمائندہ وفد نے راہل گاندھی سے کی ملاقات، اپنی بستی میں آنے کی دی دعوت

کشمیری پنڈتوں نے راہل گاندھی کو بتایا کہ 2022 میں کشمیری پنڈتوں کی ٹارگیٹ کلنگ کے مدنظر وادی چھوڑنے کے بعد ان مہاجر ملازمین کو 7 ماہ کی تنخواہ اب تک نہیں ملی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کشمیری پنڈتوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے راہل گاندھی</p></div>

کشمیری پنڈتوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے راہل گاندھی

user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’بھارت جوڑو یاترا‘ پیر کے روز جموں و کشمیر کے سانبا ضلع پہنچی۔ اس دوران کشمیری پنڈتوں کے ایک نمائندہ وفد نے راہل گاندھی سے ملاقات کی اور اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔ ان مسائل میں دہشت گردوں کے ذریعہ اقلیتی طبقہ کے اراکین کی ٹارگیٹ کلنگ بھی شامل تھیں۔ انھوں نے راہل گاندھی کو جموں-سری نگر شاہراہ پر جگتی مہاجر بستی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

کشمیری پنڈتوں کے نمائندہ وفد نے کہا کہ کانگریس لیڈر نے ان کی دعوت قبول کر لی ہے۔ نمائندہ وفد کے اراکین نے کہا کہ ان کی راہل گاندھی کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی، جنھیں کشمیری پنڈت طبقہ کے مختلف مسائل کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ خاص طور سے ان کے بارے میں جو وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت بھرتی کیے گئے اور وادی میں تعینات ہیں۔


نمائندہ وفد میں شامل کشمیری پنڈتوں نے بتایا کہ راہل گاندھی کو مطلع کیا گیا کہ 2022 میں اقلیتی طبقہ کے اراکین کی ٹارگیٹ کلنگ کے مدنظر وادی چھوڑنے کے بعد ان مہاجر ملازمین کے 7 ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی اب تک نہیں کی گئی ہے۔ نمائندہ وفد کے اراکین نے کہا کہ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ان کے مسائل کو اٹھانے کا وعدہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ وادی میں کام کرنے والے بیشتر مہاجر کشمیری پنڈت ملازمین مئی 2022 میں اس وقت ڈر کے سبب باہر چلے گئے جب دہشت گردوں نے راہل بھٹ کو بڈگام ضلع میں ان کے دفتر کے اندر گھس کر جان سے مار ڈالا۔ نمائندہ وفد نے وادی کے باہر رہنے والے مہاجر کنبوں کو دی جانے والی راحت میں اضافہ کا بھی مطالبہ اٹھایا۔ راہل گاندھی نے ان کے مطالبات کو اٹھانے کا بھروسہ دلایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔