بہار اسمبلی انتخاب میں اویسی-بی جے پی اتحاد سے ہوشیار رہیے: دگ وجے

آن لائن ریلی کے دوران گوپال گنج اور سیوان ضلع کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے کہا کہ "سیکولر جماعتوں کو متحد ہوکر آر ایس ایس اور گوڈسے کے نظریات کے خلاف لڑائی لڑنی ہوگی۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: کانگریس لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے بہار کی عوام کو رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اتحاد سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے آج کہاکہ انتخاب آتے ہی بی جے پی مسٹر اویسی کے ساتھ مل کر ریاست کی عوام کو ورغلانا شروع کردیتی ہے۔

دگ وجے سنگھ نے کانگریس کی اسمبلی حلقہ وار آن لائن ریلی کرانتی مہا سمیلن میں پیر کے روز گوپال گنج اور سیوان ضلع کے کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناتھورام گوڈسے کے نظریات کے خلاف پورے ملک میں اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا۔ سیکولر جماعتوں کو متحد ہوکر راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور گوڈسے کے نظریات کے خلاف لڑائی لڑنی ہوگی۔ انہوں نے بہارکے وزیراعلیٰ اور جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ لوک نائک جے پرکاش نارائن کی تحریک کے اپنے ساتھی مسٹر لالو پرساد یادو کے ساتھ حکومت بنا کر ان کو بھی دھوکہ دیا ہے۔


کانگریس لیڈر نے بہار کے لوگوں کو آگاہ کیاکہ انتخاب آتے ہی بی جے پی مسٹر اویسی کے ساتھ مل کر بہار میں لوگوں کو ورغلانے کاکام شروع کردیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس کی ”نیائے یوجنا“ کے نافذ ہوئے بغیر ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی ہے۔ اسے بلا تاخیر نافذ کرنے کی ضرورت ہے لیکن موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام مخالف ہیں۔

سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سنیئر لیڈر شکیل احمد نے کہاکہ اس بار جب وزیراعظم نریندر مودی بہار آئیں گے تو ریاست کی عوام ان سے سوال کرے کہ گذشتہ پیکج کا کتنا پیسہ انہوںنے دیا ہے۔ انہوںنے ہندوﺅں سے محبت کا دعویٰ بھرنے والی بی جے پی کے چھلاوے کو اجاگر کر کے بی ایس این ایل اور ایئر انڈیا کے بند ہونے سے بے روزگار ہونے والے لوگوں کے اعداد و شمار کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے زیادہ وہی کمیونیٹی متاثر ہورہی ہے جن کی محبت کا بی جے پی دکھاواکرر ہی ہے۔


بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے بہار کے گنا کسانوں اور چینی ملوں کے بدتر حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ 80 کروڑ روپے آج بھی گوپال گنج کے کسانوں کا ڈوبا ہوا ہے۔ گوپال گنج میں تعلیمی نظام بدحالی کا شکار ہے۔ انہوںنے کہاکہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار خود کے منشور اور یقین دہانیوں کو دیکھ کر سوچتے ہوںگے کہ وہ عوام سے کتنا جھوٹ بولتے ہیں۔

اترا کھنڈ کانگریس کے سابق صدر پنڈت کشور اپادھیائے نے کہاکہ ملک کو بیچنے پر آمادہ مرکزکی موجودہ حکومت کے خلاف بہار کے لوگ متحدہوکر تحریک چلائیں۔ بہار ملک کی سیاست کی حالت اور سمت طے کرتی ہے۔ انہوںنے بہار کی موجودہ نتیش حکومت پرحملہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پالیسیاں عوامی فلاح وبہبود کی نہیں رہی۔ کانگریس کے ایک ۔ ایک شخص کو موجودہ حکومت کے خلاف متحدہوکر تحریک کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔


کانگریس کے قومی ترجمان امریتا دھون نے کہاکہ بہار کا انتخاب آنے والی سیاست کو متاثر کرے گا۔ صرف مسٹر راہل گاندھی اور مسز سونیا گاندھی ہی مرکز کی موجودہ حکومت کی پالیسیوںکے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں ورنہ ملک میں موجودہ حکومت کے خلاف بولنے کی کسی میں طاقت نہیں ہے۔ انہوںنے مسٹر نتیش کمار پر حملہ بولا اور کہاکہ خود کو واریئر بتانے والے بہار کے وزیراعلیٰ کورونا مدت میں کورنٹائن ہوگئے ہیں۔ بہار کے لوگوںکو ایسے ڈرے ہوئے واریئر کی ضرورت نہیں ۔ بہار میں اساتذہ، آنگن باڑی ملازمین اور نوجوان سڑکوں پر تحریک کر رہے لیکن بے حس حکومت میں ان کا کوئی سننے والا نہیں ہے۔

اس آن لائن پروگرام میں دہلی اسٹیج سے کانگریس کے قومی سکریٹری اور بہار انچارج اجے کپور، اقلیتی سیل کے صدر ندیم جاوید، راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ اور پٹنہ اسٹیج سے رکن اسمبلی سمیر کمار سنگھ ، نائب صدر شیام سندر سنگھ دھیرج، تنظیمی جنرل سکریٹری برجیش پانڈے، ترجمان راجیش راٹھور، انٹک صدر چندر پرکاش سنگھ، اقلیتی شعبہ کے صدر منت رحمانی سمیت کئی دیگر کانگریسی لیڈران منسلک رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔