’انتخابی اسٹیج ہو یا پارلیمنٹ، وزیر اعظم کی ہر تقریر جھوٹ کا انبار‘، پی ایم مودی پر راہل گاندھی کا حملہ

راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پی ایم مودی اپنے جھوٹ، اپنی تالیوں اور اپنی میڈیا کے درمیان اتنے مگن ہو گئے ہیں کہ عوام سے جڑا ہر سوال انھیں مشتعل کر دیتا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / تصویر ایکس</p></div>

راہل گاندھی / تصویر ایکس

user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کی تقریر پر شکریہ کی تجویز کا جواب دیتے ہوئے کانگریس اور یو پی اے حکومت کے خلاف خوب حملہ کیا۔ اب ان کی اس تقریر پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تلخ تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کو ’جھوٹ کا انبار‘ ٹھہرایا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’انتخابی اسٹیج ہو یا پارلیمنٹ، وزیر اعظم کی ہر تقریر صرف ’جھوٹ کا انبار‘ ہوتی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’وہ (پی ایم مودی) اپنے جھوٹ، اپنی تالیوں اور اپنی میڈیا کے درمیان اتنے مگن ہو گئے ہیں کہ عوام سے جڑا ہر سوال انھیں مشتعل کر دیتا ہے۔ اشتعال ترقی کی نہیں، تباہی کی گارنٹی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ پی ایم مودی نے 5 فروری کو پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران دو سابق وزرائے اعظم جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے کچھ ایسی باتیں ان سے منسوب کر دی تھیں جو کہ انھوں نے کہی نہیں تھیں۔ اس پر کچھ میڈیا اداروں نے رپورٹس شائع بھی کی تھی اور پی ایم مودی کے جھوٹ سے پردہ اٹھا دیا تھا۔ آج کی تقریر کے دوران بھی ان کی کئی باتوں کو جھوٹ پر مشتمل بتایا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ان کی تقریر کو ’جھوٹ کا انبار‘ قرار دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔