’بی بی سی کی ٹیم نے راجورا اسمبلی میں ووٹ چوری سے متعلق راہل گاندھی کے دعویٰ کو صحیح پایا‘

کانگریس کے مطابق بی بی سی کی رپورٹ میں پتہ چلا کہ ووٹر لسٹ میں نام جوڑنے کے لیے جس شخص کے نام پر درخواست دی گئی تھی، راجورا کے لوگ اسے جانتے ہی نہیں، نہ ہی انھوں نے ایسا کوئی نام سنا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹ چوری کے خلاف راہل گاندھی کی مہم</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے کرناٹک اور مہاراشٹر میں ’ووٹ چوری‘ سے متعلق جو ثبوت پیش کیے تھے، ان کی مختلف میڈیا رپورٹس میں پہلے ہی تصدیق ہو چکی ہے۔ اب بی بی سی کی ایک رپورٹ نے بھی ’ووٹ چوری‘ سے متعلق راہل گاندھی کے دعووں پر سچ کی مہر لگا دی ہے۔ بی بی سی کی ایک ٹیم نے مہاراشٹر کے راجورا اسمبلی حلقہ پہنچ کر راہل گاندھی کے دعووں کی تحقیق کے لیے کچھ لوگوں سے بات کی۔ اس بات چیت کی ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔

بی بی سی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کر مہاراشٹر کے راجورا اسمبلی میں ’ووٹ چوری‘ کے ثبوت ملک کے سامنے رکھے تھے۔ بی بی سی کی ٹیم جب اس معاملے کی جانچ کرنے راجورا اسمبلی پہنچی، تب راہل گاندھی جی کے دعووں کی تصدیق ہو گئی۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے بتایا ہے کہ ’’اس رپورٹ میں پتہ چلا کہ ووٹر لسٹ میں نام جوڑنے کے لیے جس شخص کے نام پر درخواست دی گئی تھی، راجورا کے لوگ اسے جانتے ہی نہیں، نہ ہی انھوں نے ایسا کوئی نام سنا تھا۔‘‘


اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے بتایا ہے کہ بی بی سی کی ٹیم کو راجورا میں ایک شخص ملا، جس کا نام فرضی ووٹر لسٹ سے جڑی ایف آئی آر میں درج ہے۔ اس شخص نے بتایا کہ اس سے ایک سال قبل فون پر ووٹر لسٹ سے متعلق او ٹی پی مانگا گیا تھا، جسے اس نے بتا دیا تھا۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج ہوئے 11 مہینے ہو گئے ہیں، لیکن پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ پولیس کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کوئی جانکاری شیئر نہیں کر رہا۔

بی بی سی کی یہ رپورٹ کانگریس کے لیے حوصلہ افزا ہے، کیونکہ برسراقتدار طبقہ کے لیڈران اور الیکشن کمیشن کو یہ کٹہرے میں کھڑا کرتی ہے۔ کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ لکھا بھی ہے کہ ’’راہل گاندھی نے اسی (راجورا) کی طرح کرناٹک کے آلند میں بھی ووٹ چوری کے ثبوت پیش کیے تھے، وہاں بھی الیکشن کمیشن کرناٹک سی آئی ڈی کو کوئی جانکاری نہیں دے رہا ہے۔‘‘


کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’مہاراشٹر کا راجورا ہو یا کرناٹک کا آلند... ہر جگہ ووٹ چوری کے ثبوتوں کو چھپایا جا رہا ہے۔ ووٹ چوروں کو بچایا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے کہا ہے کہ ’’یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹر لسٹ کی جانکاری جلد از جلد شیئر کرے۔ لیکن الیکشن کمیشن کا جانکاری نہ دینا ظاہر کرتا ہے کہ وہ بی جے پی کے ساتھ مل کر ’ووٹ چوری‘ کو انجام دے رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔