بی جے پی کے لیے ہماچل سے آئی بری خبر، شملہ ضلع پریشد صدر اور نائب صدر عہدہ پر کانگریس کا قبضہ

کانگریس کے مقامی صدر کلدیپ سنگھ راٹھوڑ نے جیت کے بعد دونوں فاتحین سے ملاقات کی اور انھیں مبارکباد پیش کی۔ سوشل میڈیا پر انھوں نے لکھا کہ ’’آپ سبھی کو مبارکباد، جے کانگریس-وجے کانگریس۔‘‘

کلدیپ سنگھ راٹھوڑ، تصویر آئی اے این ایس
کلدیپ سنگھ راٹھوڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہماچل پردیش سے بی جے پی کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے۔ کانگریس نے بی جے پی کو جھٹکا دیتے ہوئے شملہ ضلع پریشد کے صدر اور نائب صدر عہدہ پر قبضہ جما لیا ہے۔ جمعرات کو ضلع پریشد صدر اور نائب صدر عہدہ کے الیکشن میں بی جے پی امیدوار کو شکست فاش دیتے ہوئے کانگریس کے چندر پربھا نیگی نے صدر اور سریندر ریٹکا نے نائب صدر بننے میں کامیابی حاصل کی۔

ہندی نیوز پورٹل ’نیوز18‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق صدر عہدہ کے لیے چندر پربھا نیگی کو 15 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ بی جے پی کی بھارتی جنارتھا کو 9 ووٹ ملے۔ گویا کہ چندرپربھا نیگی کو 6 ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ دوسری طرف نائب صدر عہدہ کے لیے کانگریس کے سریندر ریٹکا کو 17 ووٹ حاصل ہوئے اور بی جے پی امیدوار مدن لال کو محض 7 ووٹ ملے۔ یعنی 10 ووٹوں سے سریندر ریٹکا کو جیت ملی۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع پریشد الیکشن میں کل 24 اراکین میں سے کانگریس کے 13، بی جے پی کے 4، سی پی ایم کے 3 اور 4 آزاد اراکین نے ووٹنگ کی تھی۔ ڈی سی شملہ آدتیہ نیگی کے حوالے سے یہ جانکاری دی گئی۔


کانگریس کے مقامی صدر کلدیپ سنگھ راٹھوڑ نے جیت کے بعد دونوں فاتحین سے ملاقات کی اور انھیں مبارکباد پیش کی۔ سوشل میڈیا پر راٹھوڑ نے لکھا کہ ’’آپ سبھی کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ جے کانگریس-وجے کانگریس۔‘‘ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چندر پربھا ضلع پریشد شملہ کی صدر رہ چکی ہیں، لیکن ان کی مدت کار مکمل نہیں ہو پائی تھی۔ اس بار کانگریس اور بی جے پی کے درمیان زبردست ٹکر تھی، لیکن کانگریس امیدواروں نے بہ آسانی جیت حاصل کر لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔