کانگریس کے 139ویں یوم تاسیس پر بابرپور ضلع کانگریس نے خصوصی تقریب کا کیا انعقاد

کانگریس لیڈر چودھری متین احمد نے کہا کہ کانگریس کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ اس نے ملک کی سالمیت و بقا، تحفظ اور تعمیر و ترقی کے لیے سبھی طبقات کو ساتھ لے کر حکومت کی۔

<div class="paragraphs"><p>تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری متین احمد</p></div>

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری متین احمد

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: ’’اس ملک کے تحفظ و بقا اور سالمیت کے لیے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جان کی قربانیاں دی ہیں جو ناقابل فراموش ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک ہندوستان کا سب سے زیادہ وفادار نہرو خاندان ہے جس کے چشم و چراغ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی اپنے بزرگوں کی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے بے خوف سینہ سپر ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار سیلم پور کے سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد نے کانگریس پارٹی کے 139ویں یوم تاسیس پر چوہان بانگر میں منعقدہ پروقار تقریب میں کیا۔

چودھری متین احمد اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شامل ہوئے تھے جس کا اہتمام بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی نے کیا تھا۔ اس میں کانگریس کے قیام کی 139ویں سالگرہ بڑی شان و شوکت سے منائی گئی۔ تقریب میں سیلم پور، جعفرآباد، چوہان بانگر، موج پور، برہم پوری، گوتم پوری، عثمان پور اور بابر پور ضلع کی بیشتر کالونیوں کے کانگریس کارکنان نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور سبھی کی موجود گی میں پرچم کو سلامی دینے کی رسم بھی ادا کی گئی۔

کانگریس کے 139ویں یوم تاسیس پر بابرپور ضلع کانگریس نے خصوصی تقریب کا کیا انعقاد

کانگریس کے قد آور لیڈر چوھری متین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگ آزادی میں کانگریس کا کردار پوری دنیا جانتی ہے، کیونکہ کانگریس نے ہی انگریزوں سے مقابلہ کر کے اپنے ملک عزیز کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرایا تھا اور آج جو لوگ اس ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں وہ انگریزوں کے غلام تھے جن کا حکومت کرنے کا طرز عمل بھی انگریزوں جیسا ہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ اس نے ملک کی سالمیت و بقا، تحفظ اور تعمیر و ترقی کے لیے سبھی طبقات کو ساتھ لے کر حکومت کی ہے، لیکن جب سے کانگریس اقتدار میں نہیں ہے تبھی سے ملک کی سالمیت و بقا، آئین اور سیکولرزم پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

چودھری متین کا کہنا ہے کہ برسراقتدار طبقہ نے طاقت کے نشہ میں حزب اختلاف کے تقریباً 150 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کر کے منمانے طریقہ سے قوانین پاس کرائے جو جمہوریت، انصاف اور پارلیمانی وقار کے خلاف ہے۔ کانگریس کوئی علاقائی و صوبائی پارٹی نہیں ہے بلکہ نیشنل پارٹی ہے جو ملک کو ٹوٹنے نہیں دے گی اور راہل گاندھی کی قیادت میں ایک ایسا انقلاب دستک دے رہا ہے جس میں ملک و قوم کے دشمنوں کا خاتمہ یقینی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں بدامنی، افراتفری اور خوف دہشت دیکھنے کو مل رہی ہے جس سے سبھی ہندو-مسلمان ڈرے ہوئے ہیں اور سبھی 2024 کے پارلیمانی الیکشن کے منتظر ہیں تاکہ کانگریس کی اقتدار میں واپسی ہو سکے۔

کانگریس کے 139ویں یوم تاسیس پر بابرپور ضلع کانگریس نے خصوصی تقریب کا کیا انعقاد

چودھری متین نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں نے ملک کی فضا مکدر کر کے ملک کو ہندو-مسلم کے درمیان تقسیم کر دیا ہے۔ لیکن ہم راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے حوصلہ کو سلام کرتے ہیں کہ اپنے ملک کے لیے دن رات ایک کر رکھا ہے، جس کے مثبت نتائج سے برسر اقتدار طبقہ میں بوکھلاہٹ ہے اور اسی وجہ سے اپوزیشن کے خلاف ای ڈی و سی بی آئی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس تقریب سے راجندر پردھان، سید ناصر جاوید، نریش راوت، مکیش گوڑ، کے ایس کمل، حاجی مقصود جمال، عابد سیفی و خالد خان نے بھی خطاب کیا اور کانگریس کو مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس پروگرام کی نظامت دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید نے کی۔ اس موقع پر ریاض الدین راجو، محمد عامر گڈو، مہیندر سنگھ پالی، اسلم عطار، بٹو پنڈت، حاجی مظاہر علی، ندیم راعین، وجے پاٹھک، آشیش شرما، نوشاد عالم، نوید پپو، اسلم ملک، خورشید بھاٹی، مشرف علی، مہیش بھاٹی، زیب النسا، انیتا جین، فہیم خان، صدام خان، حاجی اسلام، محمد یوسف بطور خاص موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔