اعظم خان کو سیشن کورٹ نے دیا جھٹکا، اسمبلی رکنیت ہوگی ختم، اسٹے دینے سے عدالت نے کیا انکار

ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کے فیصلہ پر اسٹے لگانے سے سیشن کورٹ کے انکار کے بعد رامپور ضمنی انتخاب کا راستہ بھی صاف ہو گیا، اس سیٹ پر 5 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے۔

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے سرکردہ لیڈر اعظم خان کی اسمبلی رکنیت بچنے کی اب کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔ رامپور سیشن کورٹ نے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کے فیصلے پر اسٹے لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ یعنی رامپور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کے لیے راستہ بھی ہموار ہو گیا ہے۔ اب انتخابی کمیشن جلد ہی اس سیٹ کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جمعرات کو رامپور کے سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن کو سیشن کورٹ کے فیصلے کا انتظار تھا۔ ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کے فیصلہ پر اسٹے لگانے سے سیشن کورٹ کے انکار کے بعد رامپور ضمنی انتخاب کا راستہ بھی صاف ہو گیا۔ اس سیٹ پر 5 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے۔


واضح رہے کہ رامپور کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے گزشتہ 27 اکتوبر کو نفرت انگیز تقریر معاملے میں اعظم خان کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے انھیں تین سال کی سزا سنائی تھی۔ اس سزا کی وجہ سے ان کی اسمبلی رکنیت ختم ہو گئی۔ حالانکہ عدالت نے انھیں فوراً ضمانت دیتے ہوئے اعلیٰ عدالت میں چیلنج پیش کرنے کا وقت دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے 9 نومبر کو رامپور عدالت سے اعظم خان کی مذکورہ عرضی پر فوراً سماعت کر اس کا نمٹارا کرنے کو کہا تھا۔ ساتھ ہی اس نے اعظم خان کی رکنیت ختم کرنے کے عمل میں تیزی کو لے کر اتر پردیش اسمبلی کی تنقید بھی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔