’مسجد کا سنگ بنیاد نہیں رکھا جاتا، عوامی سہولیات کے افتتاح میں ضرور یوگی کو مدعو کرینگے‘

اطہر حسین نے کہا کہ مسجد کے سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں یوگی آدتیہ ناتھ کو مدعو کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ اسلام میں مسجد تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کی روایت نہیں ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ / تصویر یو این آئی
یوگی آدتیہ ناتھ / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے اس بیان پر کہ وہ ایودھیا میں تعمیر ہونے والی مسجد کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے پر بھی نہیں جائیں گے، مسجد تعمیر کے ذمہ داروں کی طرف سے بیان آیا ہے۔ مسجد تعمیر کے لئے تشکیل دیئے گئے ’انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن‘ نامی ٹرسٹ نے کہا ہے کہ مسجد میں تعمیر ہونے والی عوامی سہولیات کی افتتاحی تقریب میں یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے مدعو کیا جائے گا۔

ٹرسٹ کے سکریٹری اطہر حسین نے ’دی ہندو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے امید ہے کہ وہ آئیں گے اور اس کے لئے فنڈ کی فراہمی میں بھی مدد کریں گے۔‘‘ اطہر حسین نے کہا کہ مسجد کے سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں یوگی آدتیہ ناتھ کو مدعو کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ اسلام میں مسجد تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کی روایت نہیں ہے۔


خیال رہے کہ ایودھیا تنازعہ پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت سے کہا تھا کہ وہ مسلم فریق کو 5 ایکڑ زمین فراہم کرے تاکہ وہ اس پر بابری مسجد کے بدلہ دوسری مسجد تعمیر کر سکیں۔ سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر تعمیر کیے جانے کا فیصلہ سنایا تھا۔ اتر پردیش حکومت کی طرف سے ایودھیا کے نزدیک دھنی پور گاؤں میں یہ زمین فراہم کی گئی ہے۔ مسجد کے لئے تشکیل ہونے والے فریق کا کہنا ہے کہ 5 ایکڑ زمین پر مسجد کے ساتھ امدادی اسپتال، عجائب گھر، کتب خانہ اور پبلشنگ ہاؤس بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ طبی خدمات بھی مہیا کرائی جائیں گی۔

اطہر حسین کا کہنا ہے کہ مسجد تعمیر کے لئے چندا اکٹھا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’کئی لوگ پوشیدہ طریقہ سے چندا دینے کے خواہشمند ہیں۔ مسجد کے ڈیزائن اور اس کی تعمیر میں آنے والی لاگت کے لئے بھی کئی تجاویز موصول ہو رہی ہیں۔ تاہم یہ سب چیزیں فائنل نہیں ہوئی ہیں۔‘‘ اطہر نے مزید کہا کہ عدالتی حکم اور مسلمانوں کی ’خواہش‘ کے پیش نظر مسجد تعمیر کا کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جائے گا۔


واضح رہے کہ بھومی پوجن تقریب کے بعد ایک نیوز چینل کے ساتھ بات چیت میں یہ سوال پوچھے جانے پر کہ ایودھیا میں تعمیر ہونے والی مسجد کے سنگ بنیاد تقریب میں اگر انہیں مدعو کیا جائے گا تو کیا وہ جائیں گے؟ اس پر یوگی نے کہا تھا، ’’اگر آپ مجھ سے وزیر اعلیٰ کے طور پر پوچھیں گے تو مجھے کسی عقیدے، مذہب یا فرقہ سے گریز نہیں ہے لیکن اگر آپ ایک یوگی کے طور پر پوچھیں گے تو میں قطعی نہیں جاؤں گا، اس لئے نہیں جاؤں گا کیوں کہ میں ایک ہندو ہوں۔‘‘ یوگی نے مزید کہا ’‘ایک ہندو کے طور پر مجھے اپنی عبادت کے طریقہ کار کو ظاہر کرنے اور اس کے مطابق عمل کرنے کا پورا حق ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 4:58 PM