اَتی پچھڑا نیائے سنکلپ: کانگریس نے بتائے 10 پوائنٹس، جو کرپوری ٹھاکر کے خواب کریں گے شرمندۂ تعبیر
انل جئے ہند نے کہا کہ این ڈی اے حکومت ’مورتی میں مالا اور وِچاروں میں تالا‘ کی کہاوت پر عمل کرتی ہے۔ اس نے کرپوری ٹھاکر کے نظریات کو کنارہ ڈال دیا ہے اور ان کی مورتی پر مالا ڈالنے تک ہی محدود ہے۔

کانگریس نے انتہائی پسماندہ طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ’اَتی پچھڑا نیائے سنکلپ‘ (عزمِ انصاف برائے انتہائی پسماندہ) جاری کیا تھا، جس کے بارے میں آج کانگریس او بی سی ڈپارٹمنٹ کے قومی چیئرمین ڈاکٹر انل جئے ہند نے ایک پریس کانفرنس میں کچھ اہم جانکاری دی۔ انھوں نے ’جَن نایک‘ (عوامی ہیرو) کے نام سے مشہور کرپوری ٹھاکر کے یومِ پیدائش پر انتہائی پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے سے متعلق اپنے عزائم نامہ کو 10 نکات میں پیش کیا اور کہا کہ یہ کرپوری ٹھاکر کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کریں گے۔
- انتہائی پسماندہ طبقہ انسداد ظلم ایکٹ پاس کیا جائے گا۔ 
- انتہائی پسماندہ طبقہ کے لیے پنچایت اور میونسپلٹی میں موجودہ 20 فیصد ریزرویشن کو بڑھا کر 30 فیصد کیا جائے گا۔ 
- آبادی کے تناسب میں ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کو بڑھانے کے مقصد سے مقننہ پاس قانون کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو بھیجا جائے گا۔ 
- تقرریوں کے انتخاب سے متعلق عمل میں ’ناٹ فاؤنڈ سوئٹیبل‘ (این ایف ایس) جیسی سوچ کو غلط قرار دیا جائے گا۔ 
- انتہائی پسماندہ طبقہ کی فہرست میں ’اَنڈر‘ یا ’اوور‘ کے اجماع سے متعلق سبھی معاملوں کو ایک کمیٹی بنا کر نمٹایا جائے گا۔ 
- انتہائی پسماندہ، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقہ کے سبھی رہائشی بے زمینوں کو شہری علاقوں میں 3 ڈسمل اور دیہی علاقوں میں 5 ڈسمل اراضی دستیاب کرائی جائے گی۔ 
- یو پی اے حکومت کے ذریعہ پاس ’حق تعلیم ایکٹ‘ (2010) کے تحت پرائیویٹ اسکولوں میں داخلہ ہوتے ریزرو سیٹوں کا نصف حصہ انتہائی پسماندہ، پسماندہ ذات، درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے بچوں کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ 
- 25 کروڑ روپے تک کے سرکاری ٹھیکوں/سپلائی کاموں میں انتہائی پسماندہ، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقہ کے لیے 50 فیصد ریزرویشن کا التزام کیا جائے گا۔ 
- آئین کی دفعہ (5)15 کے تحت ریاست کے سبھی پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں داخلہ کے لیے ریزرویشن نافذ کیا جائے گا۔ 
- ریزرویشن کی دیکھ ریکھ کے لیے اعلیٰ اختیار یافتہ ریزرویشن ریگولیٹری اتھارٹی کی تشکیل کی جائے گی، اور ذاتوں کی ریزرویشن لسٹ میں کوئی بھی تبدیلی صرف مقننہ کی اجازت سے ہی ممکن ہوگی۔ 
مذکورہ بالا 10 نکات کو پیش کرنے کے بعد میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے انل جئے ہند نے کہا کہ یہ سبھی پوائنٹس جَن نایک کرپوری ٹھاکر کے نظریات کو ظاہر کرتے ہیں اور ان کے دکھائے گئے راستہ پر چلنے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت، جو کہ ایک طرح سے بی جے پی کی حکومت ہے، وہ ’مورتی میں مالا اور وِچاروں میں تالا‘ کی کہاوت پر عمل کرتی ہے۔ اس نے کرپوری ٹھاکر کے نظریات کو کنارہ ڈال دیا ہے اور ان کی مورتی پر مالا ڈالنے تک ہی محدود ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔