اسمبلی انتخابات: راہل گاندھی مدھیہ پردیش میں ’جن آکروش یاترا‘ میں کریں گے شرکت

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع میں کانگریس کی طرف سے منعقد کی جا رہی جن آکروش یاترا میں شامل ہوں گے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / تصویر اے آئی سی سی</p></div>

راہل گاندھی / تصویر اے آئی سی سی

user

قومی آوازبیورو

بھوپال: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع میں کانگریس کی طرف سے منعقد کی جا رہی جن آکروش یاترا میں شامل ہوں گے۔ راہل گاندھی پہلے اندور آئیں گے اور یہاں سے وہ شاجاپور کے کلاپیپل جائیں گے۔ وہ پولی کلاں میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

ریاستی کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کے کے مشرا نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل منعقد اس پروگرام میں ریاستی کانگریس صدر اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، کانگریس جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا اور دیگر سینئر لیڈران بھی موجود رہیں گے۔


خیال رہے کہ کانگریس ریاستی حکومت کے خلاف جن آکروش یاترا نکال رہی ہے اور سابق وزیر جیتو پٹواری کو مالوا خطہ سے نکالی جانے والی جن اکروش یاترا کا انچارج بنایا گیا ہے۔ یہ یاترا ہفتہ (30 ستمبر) کو کالاپیپال پہنچ رہی ہے۔ راہل گاندھی بھی یہاں پہنچیں گے اور جن آکروش یاترا کے رتھ پر سوار ہو کر جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ اس کے بعد یہاں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس جلسہ عام کے دوران کانگریس قائدین کسانوں کے مسائل بشمول بدعنوانی، قبائلی مظالم، بھرتیوں میں بے قاعدگیوں پر حکومت پر حملہ بولیں گے۔

کالاپیپل کے کانگریس ایم ایل اے کنال چودھری کے مطابق اس میٹنگ میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کی امید ہے۔ سیہور، شاجاپور، بھوپال، اجین، اندور سمیت کئی اضلاع سے بڑی تعداد میں کارکنان میٹنگ میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں۔

کالاپیپل آنے کے بعد راہل گاندھی کا اگلا دورہ شہڈول ضلع کا ہوگا۔ 10 اکتوبر کو راہل گاندھی شہڈول ضلع کے بیوہاری میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس دوران کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی 4 اکتوبر کو مدھیہ پردیش کے دورے پر آ رہی ہیں۔ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 5 اکتوبر کو دھار ضلع کے موہن کھیڑا آئیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔