آسام میں اب نہیں ہوگا دسویں بورڈ کا امتحان، وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے نئی تعلیمی پالیسی کے تحت کیا اعلان

نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تعلیمی نظام میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آسام میں اب اسکول اور کالج ایجوکیشن کو ضم کیا جا رہا ہے، ریاست میں 5+3+3+4 فارمولے پر مشتمل کلاسز ہوں گی۔

ہمانتا بسوا سرما، تصویر یو این آئی
ہمانتا بسوا سرما، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

آسام میں آئندہ تعلیمی سال یعنی 2024 سے درجہ 10 کے طلبا کے لیے بورڈ کا امتحان نہیں ہوگا۔ یہ اعلان ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کیا ہے۔ انھوں نے طلبا کو راحت دیتے ہوئے نئی تعلیمی پالیسی (این ای پی 2020) کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ریاستی حکومت ایک نیا آسام ایجوکیشن بورڈ قائم کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسام کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ درجہ 10 کا امتحان بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن آسام یعنی ’ایس ای بی اے‘ کے ذریعہ منعقد کیا جاتا ہے۔ دوسری طرف درجہ 12ویں کا امتحان آسام ہایر سیکنڈری ایجوکیشن کونسل (اے ایچ ایس ای سی) کے ذریعہ کرایا جاتا ہے۔ اب دونوں بورڈ کو آپس میں ضم کر دیا گیا ہے۔


وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بتایا کہ دسویں درجہ کے طلبا کے لیے پاس اور فیل سسٹم نافذ رہے گا، لیکن بورڈ امتحانات صرف 12ویں درجہ کے لیے منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دسویں درجہ میں بیٹھنے والے طلبا کو اب 11ویں درجہ میں داخلہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ انھیں پروموٹ کیا جائے گا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تعلیمی نظام میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آسام میں اب اسکول اور کالج ایجوکیشن کو ضم کیا جا رہا ہے۔ ریاست میں 5+3+3+4 فارمولے پر مشتمل کلاسز ہوں گی۔ پہلے 5 سال ’پلے گروپ‘ سے درجہ 2 تک ہوگا۔ پھر 3 سال درجہ 3 سے 5 تک کے لیے، اور اس کے بعد 3 سال درجہ 6، 7 اور 8 کو جوڑا گیا ہے۔ آخر میں 4 سال درجہ 9ویں سے 12ویں تک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔