آسام اسمبلی انتخاب: کانگریس نے جاری کی 23 امیدواروں پر مشتمل دوسری فہرست
کانگریس کی جانب سے 14 مارچ کو جاری کی گئی امیدواروں کی دوسری فہرست میں سابق رکن پارلیمنٹ عبد الخالق سمیت کئی سینئر ریاستی رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔

آسام میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے کانگریس نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی نے 23 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے، ساتھ ہی 15 سیٹیں اپنی اتحادی پارٹیوں کے لیے چھوڑ دی ہیں۔ اس سے قبل کانگریس 42 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے، اس طرح پارٹی اب تک مجموعی طور پر 65 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر چکی ہے۔ کانگریس نے اپنے اتحادیوں کے لیے جو سیٹیں چھوڑی ہیں ان میں پلاسباری، گوہاٹی سنٹرل، موری گاؤں، گوریشور اور برہہمپور جیسے حلقے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ آسام میں اسمبلی کی کُل 126 سیٹیں ہیں۔
کانگریس کی جانب سے 14 مارچ کو جاری کی گئی امیدواروں کی دوسری فہرست میں سابق رکن پارلیمنٹ عبد الخالق سمیت کئی سینئر ریاستی رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔ پارٹی نے گولک گنج سے کارتک چندر رے، بلاسی پاڑہ سے امرت بادشاہ اور بیرسنگ جروا سے واجد علی چودھری کو ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس نے منکاچر سے محب الرحمن، گولپاڑہ مشرق سے ابوالکلام رشید عالم، دُدھنئی (ایس ٹی) سے کشور کمار برہما، سرجن گرام سے نور الاسلام، منڈیا سے عبدالخالق اور چمریا سے رقیب الدین احمد کو امیدوار بنایا ہے۔ رنگیا سے پرنجیت چودھری، ڈیموریا (ایس سی) سے کشور کمار بروا، نیو گوہاٹی سے شانتنو بورا اور منگل دئی سے رجومونی تعلقدار کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آسام اسمبلی انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں کانگریس پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی اہم میٹنگ جمعہ (13 مارچ) کو نئی دہلی میں واقع کانگریس ہیڈکوارٹر 24 اکبر روڈ پر منعقد ہوئی تھی۔ یہ میٹنگ تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہی، جس میں انتخابی حکمت عملی اور ممکنہ امیدواروں کے ناموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی، آسام کانگریس کے انچارج جتیندر سنگھ اور ریاستی صدر گورو گگوئی سمیت انتخابی کمیٹی کے سینئر لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسام کانگریس کے صدر گورو گگوئی نے کہا کہ میٹنگ میں امیدواروں کے انتخاب کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 3 مارچ کو کانگریس نے آسام اسمبلی انتخاب کے لیے 42 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی کے ریاستی صدر گورو گگوئی جورہاٹ سیٹ سے اسمبلی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ آسام اسمبلی میں پارٹی لیڈر دیووَرت سیکیا نذیرا سیٹ سے انتخاب لڑیں گے۔ راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ ریپن بورا کو برچھلا سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ میرا بورتھاکر گوسوامی دیس پور سے پارٹی کی امیدوار ہیں، اور اندرنیل پیگو ماجولی انتخابی حلقے سے امیدوار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔