رافیل کی فائل چوری پر مودی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

مدھیہ پردیش کے اشوک نگر میں این ایس یو آئی کے طلبا نے ہفتہ کے روز وزارت دفاع سے رافیل سودے کی فائل چوری ہونے کے سلسلہ میں تھانہ میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف معاملہ درج کرائے جانے کا میمورنڈم دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

اشوک نگر: مدھیہ پردیش اشوک نگر میں نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے طلبا نے گزشتہ روز ہفتہ کو وزارت دفاع سے رافیل سودے کی فائل چوری ہونے کے سلسلہ میں تھانہ میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف معاملہ درج کرائے جانے کا میمورنڈم دیا۔

این ایس یو آئی کے کارکنوں نے سٹی کوتوالی میں دیئے میمورنڈم میں الزام لگایا کہ وزارت دفاع سے ان فائلوں کو سازش کے تحت چوری کرایا گیا ہے۔ اس سازش میں وزیراعظم ملوث ہیں اس لئے ان کے خلاف معاملہ درج کیا جائے، تھانہ انچارج نے میمورنڈم تو لے لیا لیکن اس کے بدلے کوئی رسید نہیں دی۔

کارکنوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم اپنے سیاسی فائدے کے لئے بنیادی طور پر اس سازش کے لئے ذاتی طورپر پروینشن آف کرپشن ایکٹ اور دیگر التزامات کے تحت ذمہ دار ہیں۔ ساتھ ہی کہا کہ جن لوگوں نے سازش میں ساتھ دیا ہے وہ بھی قصوروار ہیں۔

میمورنڈم دینے والوں میں این ایس یو آئی ضلعی صدر سچن تیاگی، شیوم سونی، رام رگھونشی، امت پنت، شریف خان، چندرموہن، ودیوت جین سمیت کئی کارکنوں کے نام شامل ہیں۔ میمورنڈم دینے کے دوران یوتھ کانگریس کے ریاستی سکریٹری گورو ترپاٹھی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ رافیل سودہ سے جڑے دستاویزات وزارت دفاع سے چوری ہوئے ہیں حالانکہ بعد میں وہ اپنے اس بیان سے پلٹ گئے اور انہوں نے کہا کہ دستاویزات چوری نہیں ہوئے بلکہ ان کی فوٹو کافی کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیل کی جانچ کی مانگ کرنے والے عرضی گزاروں نے جن دستاویزات کی فوٹو کاپی کا استعمال کیا ہے وہ حکومت کے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت آتے ہیں۔ سپریم کورٹ میں کے کے وینوگوپال کے دستاویزات چوری کرنے کی بات کے بعد حکومت پر سخت تنقید کی جا رہی تھی۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے انتہائی حساس کاغذات چوری ہونے پر حکومت کو نشانے پر لیا اور چانچ کی مانگ کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔