آسارام باپو کو گاندھی نگر سیشن کورٹ نے عصمت دری معاملے میں تاحیات قید کی سزا سنائی

معاملہ 2013 کا ہے جب ایک خاتون مرید نے آسارام باپو پر جنسی استحصال کا الزام عائد کیا تھا، آسارام نے 2001 سے 2006 کے درمیان اس خاتون مرید کے ساتھ کئی بار زنا کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>آسارام باپو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

آسارام باپو، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ایک خاتون مرید کے ساتھ عصمت دری معاملے میں آسارام باپو کو گاندھی نگر سیشن کورٹ نے تاحیات قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں 30 جنوری کو انھیں قصوروار قرار دیا تھا اور سزا کا فیصلہ سنانے کے لیے 31 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ حالانکہ آسارام پہلے سے ہی جیل میں بند ہیں اور وہ ایک دیگر جنسی استحصال کے معاملے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

اس سے قبل عدالت میں فریق استغاثہ نے اپنی بات رکھتے ہوئے ملزم آسارام کے لیے عمر قید کا مطالبہ کیا تھا۔ ساتھ ہی کہا تھا کہ ملزم عادتاً مجرم ہے اور اس پر سخت جرمانہ بھی لگایا جائے۔ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد گاندھی نگر سیشن کورٹ نے آسارام کو عمر قید کی سزا سنائی۔ فی الحال وہ جودھپور جیل میں بند ہیں جہاں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ عصمت دری معاملے میں عمر قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔


تازہ معاملہ 2013 کا ہے جب ایک خاتون مرید نے آسارام باپو پر جنسی استحصال کا الزام عائد کیا تھا۔ آسارام نے 2001 سے 2006 کے درمیان اس خاتون مرید کے ساتھ کئی بار زنا کیا تھا جب وہ احمد آباد کے موٹیرا واقع آشرم میں رہتی تھی۔ سیشن کورٹ نے آسارام کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 376، 377، 342، 354، 357 اور 506 کے تحت قصوروار پایا۔ عدالت نے خاتون سے عصمت دری معاملے میں چھ دیگر ملزمین کو بری کر دیا ہے۔ ان میں آسارام کی بیوی لکشمی بین، بیٹی اور چار دیگر مرید شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔