’جیسے جیسے انڈیا آگے بڑھے گا، چین پیچھے ہٹے گا‘، ’اِنڈیا‘ کی ممبئی میں میٹنگ سے قبل ایم وی اے نے کی پریس کانفرنس

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’اگر بی جے پی والے خواتین کو راکھی باندھ رہے ہیں تو سب سے پہلے بلقیس بانو، منی پور کی دو بہنوں اور کشتی فیڈریشن کے خلاف تحریک پر بیٹھی خاتون کھلاڑیوں کو راکھی باندھیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ایم وی اے کی پریس کانفریس، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ایم وی اے کی پریس کانفریس، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ممبئی میں اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ کی میٹنگ 31 اگست اور یکم ستمبر کو طے ہے۔ اس کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کی ممبئی آمد شروع بھی ہو گئی ہے۔ اس میٹنگ سے قبل آج (30 اگست) ممبئی میں ایم وی اے (کانگریس، شیوسینا، این سی پی) لیڈران نے پریس کانفرنس کی۔ اس دوران شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت نے جانکاری دی کہ میٹنگ کے لیے سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ 6 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور سبھی لیڈران جو بنگلورو اور پٹنہ کی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے، وہ ممبئی کی میٹنگ میں بھی شامل ہوں گے۔ اس بار کی میٹنگ میں 28 پارٹیوں کی شرکت ہوگی، جن میں سے کئی پارٹیوں کے لیڈران آج پہنچ چکے ہیں اور کچھ کی آمد کل ہوگی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’روزانہ خواتین کی سیکورٹی کا خیال رکھا جانا چاہیے، کسی خاص دن نہیں۔ آج خواتین کی ایسی فکر کرنے والی حکومت ریاست اور مرکز میں نہیں ہے۔ اگر بی جے پی کے لوگ خواتین کو راکھی باندھنے کا کام کر رہے ہیں تو سب سے پہلے بلقیس بانو، منی پور کی دو بہنوں اور کشتی فیڈریشن کے خلاف تحریک پر بیٹھی خاتون کھلاڑیوں کو راکھی باندھیں۔‘‘


ادھو ٹھاکرے نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 200 روپے کم کیے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسے جیسے انڈیا اتحاد آگے بڑھے گا، گیس سلنڈر مفت میں ملنے لگیں گے۔ 9 سالوں میں بہنوں کی یاد نہیں آئی۔ یہ حکومت خود گیس پر ہے۔ میں نے سنا ہے کہ ممبئی میں مہایوتی کی ایک میٹنگ ہے۔ کیجیے، لیکن محض مخالفت کے لیے نہیں، ریاست میں خشک سالی والی حالت ہے، اس مسئلہ کا حل تلاش کیجیے۔ ترقی تو انگریزوں کے دور میں بھی ہوتی تھی، لیکن آزادی چاہیے تھی۔ اب ہم ایک تاناشاہ کے خلاف ایک ساتھ آئے ہیں۔ ہندوستانی ماؤں کی حفاظت کے لیے ساتھ آئے ہیں۔ ہماری وجہ سے ہی بی جے پی نے گیس سلنڈر کی قیمت کم کی ہے۔‘‘

پریس کانفرنس سے مہاراشٹر کانگریس صدر نانا پٹولے نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ انڈیا کی میٹنگ کے لیے مہاراشٹر کے کلچر کے مطابق مہمانوں کا استقبال کیا جائے گا۔ ہم بی جے پی کی تاناشاہی کے خلاف لڑنے جا رہے ہیں، اِنڈیا اتحاد میں لگاتار نئی پارٹیاں بھی شامل ہو رہی ہیں۔ نانا پٹولے نے چین کے ذریعہ جاری نئے نقشہ کا بھی تذکرہ کیا جس میں اروناچل پردیش کو اس نے اپنا بتایا ہے۔ اس معاملے میں انھوں نے کہا کہ ’’جیسے جیسے انڈیا آگے بڑھے گا، چین پیچھے ہٹے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔