انتخابات قریب آتے ہی کئی ریاستوں میں پٹرول-ڈیزل کی قیمت 5 روپے کم

چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات قریب آ گئے ہیں اور مرکزی حکومت نے ناراض عوام کو خوش کرنے کے لیے پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں 2.50 روپے کی تخفیف کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان، مدھیہ پردیش سمیت چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے قبل مرکزی حکومت نے ایک بار پھر عوام کو لبھانے کے لیے پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف کر دی ہے۔ انتخابی موسم کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزیر مالیات نے 4 اکتوبر کو پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں 2.50 روپے تک کی تخفیف کا اعلان کیا ہے۔ ارون جیٹلی نے ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت مرکزی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں ڈیڑھر وپے کی کمی کی ہے اور ایک روپے کم کرنے کا بوجھ تیل کمپنیوں پر ڈالا ہے۔ جیٹلی نے ریاستوں حکومتوں سے بھی تیل کی قیمتوں پر ویٹ کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

مرکزی حکومت کا اشارہ ملتے ہی بی جے پی حکمراں کئی ریاستوں نے اپنی ریاست میں تیل کی قیمتوں میں تخفیف کرنے کا اعلان شروع کر دیا۔ اس سے اب کئی بی جے پی حکمراں ریاستوں میں لوگوں کو تیل کی قیمتوں میں 5 روپے تک کی راحت ملے گی۔

یو پی: یوگی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر کی کمی کرنے کا اعلان 4 اکتوبر کو کر دیا۔ اس سے ریاست کے لوگوں کو پٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر کی راحت ملے گی۔

چھتیس گڑھ: مرکزی حکومت کی جانب سے ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں 2.50 روپے کی کمی کے اعلان اور مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کی جانب سے ریاستوں سے کی گئی اپیل کے بعد چھتیس گڑھ کی رمن سنگھ حکومت نے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ڈھائی روپے ویٹ کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ گویا کہ چھتیس گڑھ میں بھی کل ملا کر ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی آئے گی۔

مہاراشٹر: دیویندر فڑنویس حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر کی کمی کرنے کا اعلان ارون جیٹلی کے پریس کانفرنس کے بعد کر دیا۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ وہ ڈیزل کی قیمت کو کم کرنے کے لیے بھی جلد ہی کوئی فیصلہ لیں گے۔

تریپورہ: ریاستی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر کی تخفیف کا جمعرات کو اعلان کر دیا۔

گجرات: وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں تخفیف کے بعد ریاستی حکومت نے بھی تیل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر ویٹ کی کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جھارکھنڈ: رگھوور داس حکومت نے بھی ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر کی کمی کرنے کا جمعرات کو اعلان کر دیا، حالانکہ پٹرول کی قیمت سے متعلق انھوں نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

مدھیہ پردیش: ارون جیٹلی کی ریاستوں سے اپیل کے بعد مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے بھی پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں 2.50 روپے کمی کا اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد مدھیہ پردیش میں بھی پٹرول و ڈیزل کی قیمت پر کل 5 روپے کی کمی آئے گی۔

ہماچل پردیش: وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے بھی تیل کی قیمتوں میں 2.50 روپے کی تخفیف کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

ہریانہ: مرکز کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف کے بعد کھٹر حکومت نے بھی تیل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر کی تخفیف کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی ٹھیک گجرات انتخابات کے موقع پر مرکزی حکومت نے پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی تھی، ساتھ ہی تیل کمپنیوں نے بھی حیرت انگیز طریقے سے پہلے 15 دن میں روزانہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 1 روپے سے لے کر 3 پیسے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔ انتخابات کے ختم ہوتے ہی کمپنیوں نے فوری طور پر قیمت بڑھانی شروع کر دی تھی۔ اس سے قیاس اٹھنے لگے ہیں کہ حکومت نے انتخابات کے مدنظر کمپنیوں کو قیمت نہیں بڑھانے کے لیے کہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔