مہاراشٹر میں مذہبی تقریب کے بعد کھانا کھا کر تقریباً 2000 لوگ بیمار، متاثرہ گاؤں میں سروے کے لیے 5 ٹیمیں تعینات

مہاراشٹر واقع ناندیڑ کے ایک گاؤں میں منگل کے روز مذہبی تقریب کا انعقاد ہوا تھا، اس کے بعد منگل کی شام ہزاروں افراد نے ایک ساتھ کھانا کھایا اور بدھ کی صبح تک بڑی تعداد میں لوگوں کی طبیعت خراب ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>فوڈ پوئزننگ / تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فوڈ پوئزننگ / تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں ایک مذہبی تقریب کے بعد کھانا کھانے سے تقریباً 2000 افراد بیمار ہو گئے ہیں۔ واقعہ ناندیڑ کے ایک گاؤں کا ہے جہاں منگل کے روز مذہبی تبلیغ کا پروگرام ہوا تھا۔ آس پاس کے کئی گاؤں سے لوگ تقریب میں پہنچے تھے اور تقریباً 5 بجے ہزاروں لوگوں نے ایک ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی صبح تک کئی لوگوں کی طبیعت ناساز ہو گئی۔ متعدد لوگوں کو الٹی اور دست کی شکایت ہونے لگی جس کی وجہ سے انھیں اسپتالوں کا رخ کرنا پڑا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوہا تحصیل علاقہ کے کوشتواڑی گاؤں میں منگل کو یہ مذہبی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کی طبیعت خراب ہونے کی خبر سامنے آئی جس کے بعد پہلے 150 لوگوں کو ناندیڑ کے لوہا واقع سَب ڈسٹرکٹ ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا۔ بعد میں کئی دیگر لوگوں کو بھی اس طرح کے ہیلتھ ایشوز ہونے لگے۔ پھر 870 مریضوں کو شنکر راؤ چوہان سرکاری میڈیکل کالج سمیت دیگر اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ضرورت پڑنے پر ناندیڑ کے سرکاری آیورویدک اسپتال میں مزید بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔


ایک افسر نے واقعہ کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ جانچ کے لیے مریضوں کے سیمپلس لیے جا چکے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔ متاثرہ گاؤں میں سروے کے لیے پانچ ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی جانچ کے لیے ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس درمیان مریضوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے اور ایسی بھی خبریں ہیں کہ علاج کے بعد کئی مریضوں کو گھر بھی بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔