سکم میں فوج کا ٹرک کھائی میں گرنے سے دلدوز حادثہ، 16 جوانوں نے گنوائی جان، 4 زخمی

شمالی سکم میں فوج کا ٹرک حادثہ کا شکار ہو گیا، جس سے 16 جوانوں کی جان چلی گئی۔ اس حادثہ میں چار جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لئے ایئرلفٹ کیا گیا ہے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

گینگٹاک: شمالی سکم میں جمعہ کے روز فوج کا ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوا، جس میں 16 فوجیوں کی جان چلی گئی، جبکہ 4 جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہندوستانی فوج نے ایک بیان میں کہا ’’23 ​​دسمبر 2022 کو شمالی سکم کے جیما میں فوج کا ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوا۔ اس المناک سڑک حادثے میں ہندوستانی فوج کے 16 جوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔‘‘

فوج نے کہا کہ حادثہ پیش آنے والی گاڑی 3 گاڑیوں کے قافلے کا حصہ تھی، جو صبح چٹن سے تھانگو کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ جیما جاتے ہوئے گاڑی تیز موڑ پر پھسل کر نیچے کھائی میں گر گئی۔ حادثے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 4 زخمی فوجیوں کو ایئر لفٹ کر کے اسپتال پہنچایا گیا۔


ہندوستانی فوج کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حادثے میں 3 جونیئر کمیشنڈ افسران اور 13 فوجی شہید ہوئے۔ دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی فوج سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ شمالی سکم بہت خطرناک علاقہ ہے اور ان دنوں مکمل طور پر برف سے ڈھکا ہوا ہے۔

حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹ کیا، ’’شمالی سکم میں ایک سڑک حادثے میں ہندوستانی فوج کے جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ قوم ان کی خدمات اور عزم کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔