کشمیر: پولیس کا جواہر ٹنل کے نزدیک ایک ٹرک سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ، دو گرفتار

ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس واقعے سے منسلک ضلع رام بن سے مزید تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواہر ٹنل کے نزدیک ایک ٹرک سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ
جواہر ٹنل کے نزدیک ایک ٹرک سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں جواہر ٹنل کے نزدیک دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے تحویل سے اسلحہ بشمول ایک امریکی ساخت کی رائفل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے جموں کے ضلع سانبہ سے آ رہے ایک ٹرک کو گزشتہ رات جواہر ٹنل کے نزدیک روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ٹرک سے اسلحہ بشمول ایک امریکی ساخت کی رائفل برآمد کی گئی ہے۔

گرفتار شدہ افراد کی شناخت بلال احمد ولد غلام محمد کٹے اور شہنواز احمد میر ولد ظہور احمد میر ساکنان شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ گرفتار شدگان سے ایک اے کے 47 رائفل اور اس کے دو میگزین، ایک امریکی ساخت کی ایم 4 کاربائن رائفل اور اس کے تین میگزین، چھ چینی ساخت کے پستول اور ان کے بارہ میگزین شامل ہیں۔ ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس واقعے سے منسلک ضلع رام بن سے مزید تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔


سری نگر میں قائم فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا ہے کہ 'گزشتہ نصف شب کو جموں و کشمیر پولیس کو ملنے والی ایک خفیہ اطلاع کی بنا پر ضلع کولگام میں جواہر ٹنل کے نزدیک ایک مشترکہ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ اکھنور جموں سے آنے والے ایک ٹرک سے ایک اے کے 47 رائفل، ایک ایم 4 یو ایس کاربائن اور چھ چینی ساخت کے پستول برآمد کیے گئے ہیں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔