راہل گاندھی کی موجودگی میں جسونت سنگھ کے بیٹے مانویندر کانگریس میں شامل

جسونت سنگھ بی جے پی کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں اور ان کی فیملی نے 4 دہائی کے بعد بی جے پی سے رشتہ منقطع کر لیا ہے۔ جسونت سنگھ کی فیملی کے کئی اراکین نے کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کے بانی اراکین میں سے ایک جسونت سنگھ کے بیٹے مانویندر سنگھ نے کانگریس کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ راجستھان کے باڑمیر کے شیو اسمبلی حلقہ سے مانویندر سنگھ رکن اسمبلی ہیں۔ مانویندر سنگھ اپنی فیملی کے ساتھ دہلی میں کانگریس صدر راہل گاندھی کی رہائش پر پہنچے جہاں راہل گاندھی نے مانویندر سنگھ اور ان کی فیملی کا کانگریس پارٹی میں استقبال کیا۔

راجستھان اسمبلی انتخابات 2018 سے ٹھیک پہلے مانویندر کے کانگریس میں شامل ہونے سے مارواڑ کی سیاست میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ مانویندر سنگھ نے گزشتہ مہینے 22 ستمبر کو راجپوتوں کے اعزاز میں منعقد ’سوابھیمان ریلی‘ کے دوران بی جے پی سے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

کانگریس میں شامل ہونے کے بعد مانویندر سنگھ نے میڈیا سے بات کی، انہوں نے کہا، ’’میں راہل گاندھی سے آج صبح ملا، انہوں نے کانگریس پارٹی میں میرا استقبال کیا، مجھے یقین ہے کہ میرے حامی مجھے حمایت دینا جاری رکھیں گے۔‘‘

غور طلب ہے کہ مانویندر سنگھ کے والد جسونت سنگھ بی جے پی کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں۔ بی جے پی میں تقریباً 4 دہائی تک رہنے کے بعد ان کی فیملی نے بی جے پی سے ناطہ توڑ لیا ہے۔ دراصل 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے سے جسونت سنگھ کی فیملی ناراض تھی۔ کئی مواقع پر جسونت سنگھ کی فیملی یہ ناراضگی ظاہر بھی کرتی رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔