دہلی میں 258 بلاک صدور کی تقرری مکمل، کانگریس اب بلاک سطح پر مستحکم: دیویندر یادو
نو تقرر بلاک صدور نے ریاستی کانگریس صدر دیویندر یادو کے ذریعہ پارٹی کی خدمت کرنے کے مقصد سے دی گئی اہم ذمہ داریوں کے لیے ان کا پھول مالاؤں سے استقبال کیا اور پگڑی پہنا کر عزت افزائی کی۔

نئی دہلی: ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور عوامی ہیرو راہل گاندھی نے ’تنظیم تشکیل مہم‘ کے تحت ملک بھر میں کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانے سے متعلق جو ہدایات جاری کی تھیں، ان کے بعد دہلی میں اس مہم کو نافذ کرتے ہوئے ہم نے بلاک کانگریس کمیٹیوں کی سرگرمیوں کا معائنہ کرنے اور بلاک صدور کی تقرری کے لیے لوک سبھا و ضلع مبصرین کو نامزد کیا تھا۔ انہوں نے ضلع صدور کے ساتھ ہم آہنگی قائم کر کے تمام بلاکوں میں کانگریس کارکنان و قائدین سے مشورہ کیا اور جو رپورٹ پردیش کانگریس کو سونپی، اس کی بنیاد پر خالی بلاکوں میں تقرریاں کی گئیں اور جن کی کارکردگی بہترین رہی انہیں دوبارہ موقع دیا گیا۔‘‘ یہ بیان آج دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے دیا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ بلاک صدور کی تقرری کا عمل کئی ماہ سے جاری تھا۔ دہلی کانگریس نے تمام 258 بلاکوں میں سے کچھ خالی عہدوں پر تقرریاں کر کے پارٹی کو بلاک سطح پر پوری طرح کھڑا کر دیا ہے۔ ساتھ ہی محنتی اور وفادار کانگریسی کارکنوں کو یہ ذمہ داری ضلع صدر، لوک سبھا اور ضلع مبصرین کے ذریعے دی گئی تاکہ وہ سابق اراکینِ پارلیمنٹ، سابق اراکینِ اسمبلی، مقامی قائدین اور کارکنوں سے رابطہ قائم رکھیں۔
دہلی کانگریس صدر نے جانکاری دی کہ 14 ضلع کانگریس کمیٹیوں کے تحت 258 بلاک کانگریس کمیٹیوں میں مکمل طور پر صدور کی تقرری تنظیم کو فعال طریقے سے چلانے اور مضبوط کرنے کے لیے ضروری تھی، اور ہم نے اس عمل کو انجام دیا۔ خالی بلاکوں میں ہم نے ایسے افراد کو صدر بنایا جو اپنے علاقے اور عوام کے درمیان رہتے ہیں، اور یہ کام سب کے تعاون سے مکمل ہوا۔ اب بلاک سطح پر پارٹی کی سرگرمیوں کو نئی سمت اور رفتار ملے گی۔ ہم ہر شہری تک پہنچیں گے اور بی جے پی کی جانب سے آئین کو کمزور کرنے، ووٹ چرانے کی سازش اور جمہوریت کو ختم کرنے کی کوششوں کو بے نقاب کریں گے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دہلی پردیش میں پارٹی کو ضلع اور بلاک سطح کے ساتھ ساتھ گلی، محلوں اور بوتھ سطح تک مضبوط بنانے کے لیے منڈلم اور سیکٹر صدور کی مکمل تقرری بھی کر لی گئی ہے۔ ہر بلاک کے تحت 2 منڈلم اور ہر منڈلم کے تحت 5-4 بوتھوں پر ایک سیکٹر انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ دہلی کانگریس تنظیم ہر قسم کے انتخابات یا قیادت کی جانب سے کسی بھی ریاستی مہم کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘‘
دیویندر یادو کے مطابق نو منتخب بلاک صدور نے عہد کیا ہے کہ تنظیم کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین کو پارٹی میں شامل کریں گے۔ عوام محسوس کر رہے ہیں کہ صرف کانگریس ہی ان کے مفاد کی محافظ ہے اور ان کی فلاح کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کی متحرک قیادت میں ہر ممکن طریقے سے جمہوریت اور آئین کی حفاظت کی جائے گی۔ ریاستی دفتر راجیو بھون میں بڑی تعداد میں آئے نو منتخب بلاک صدور سے ملاقات کے دوران دیویندر یادو نے ان کو نئے فرائض کے لیے مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع کراول نگر، تلک نگر، نجف گڑھ، بدرپور، آدرش نگر، روہنی اور کیراڑی ضلع کانگریس کمیٹی کے بلاک صدور نے دیویندر یادو کا پھول مالا اور پگڑی پہنا کر شاندار استقبال کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔