داؤد ابراہیم کی اطلاع دینے والے کو ملے گا 25 لاکھ روپے کا انعام، این آئی اے کا اعلان

این آئی اے نے داؤد کے دیگر ساتھیوں جاوید چکنا اور 1993 کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے مجرم ٹائیگرمیمن پر 15-15 لاکھ روپے کا انعام رکھا ہے۔

انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم
انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ داؤد ابراہیم پر25 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

این آئی اے نے انتہائی مطلوب دہشت گرد اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی اطلاع دینے پر 25 لاکھ روپے کا نقد انعام رکھا ہے، جبکہ اس کے دیگر حواریوں کی اطلاع دینے پر بھی انعام کا اعلان کیا ہے۔ داؤد کے دائیں ہاتھ کہے جانے والے چھوٹا شکیل پر 20 لاکھ اور داؤد کے بھائی انیس ابراہیم پر 15 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ این آئی اے نے داؤد کے دیگر ساتھیوں جاوید چکنا اور 1993 کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے مجرم ٹائیگر میمن پر 15-15 لاکھ روپے کا انعام رکھا ہے۔


این آئی اے نے بتایا ہے کہ داؤد اور اس کے ساتھی طویل عرصے سے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ان میں ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ، حوالہ اور دہشت گردی کی فنڈنگ ​​جیسے جرائم شامل ہیں۔ داؤد ابراہیم کو اقوام متحدہ نے بھی عالمی دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔

این آئی اے نے اطلاع دی ہے کہ داؤد اور اس کا گروہ لشکر طیبہ، القاعدہ اور جیش محمد جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت ان کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگانا چاہتی ہے۔


خیال رہے کہ فروری میں این آئی اے نے داؤد ابراہیم کے خلاف ایک نیا مقدمہ درج کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ داؤد نے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مل کر ہندوستان میں ایک خصوصی یونٹ تیار کی ہے، جوکہ سیاست دانوں اور بڑے صنعت کاروں پر حملہ کر سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔