انسداد بدعنوانی ادارہ ’لوک پال‘ کو چاہیے 7 بی ایم ڈبلیو کار، قیمت تقریباً 5 کروڑ روپے، کانگریس نے اٹھائے سوال

کانگریس نے لوک پال کے ٹینڈر پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کا لوک پال تقریباً 70 لاکھ روپے کی 7 بی ایم ڈبلیو لگژری کاریں خریدنے کے لیے 5 کروڑ روپے خرچ کرنے والا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

انسان بدعنوانی ادارہ ’لوک پال‘ نے 7 لگژری بی ایم ڈبلیو کاروں کی خرید کے لیے ایک ٹینڈر جاری کیا ہے، جن کی مجموعی قیمت تقریباً 5 کروڑ روپے ہے۔ لوک پال میں فی الحال ایک صدر اور 6 ممبران سمیت 7 لوگ ہیں، جبکہ منظور شدہ افراد کی تعداد 8 ہے۔ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ صدر سمیت تمام ممبران کے لیے لگژری بی ایم ڈبلیو کار خریدا جا رہا ہے۔ لوک پال کے ذریعہ اتنی مہنگی گاڑیاں خریدنے کی خبر پر لوگوں کا شدید رد عمل آنا شروع ہو گیا ہے۔

کانگریس نے لوک پال کے ٹینڈر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا لوک پال تقریباً 70 لاکھ روپے کی 7 بی ایم ڈبلیو لگژری کاریں خریدنے کے لیے 5 کروڑ روپے خرچ کرنے والا ہے۔ کیا آپ کو انا ہزارے کی لوک پال تحریک یاد ہے؟ ہزارے اور اروند کیجریوال نے جس لوک پال کی تجویز پیش کی تھی وہ وزیر اعظم سے اوپر ایک آئینی اختیار تھا۔ ایسے انتظام کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت تھی، جس کے لیے لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں میں 2 تہائی اکثریت کی ضرورت تھی، جو یو پی اے حکومت کے پاس نہیں تھی۔ کیجریوال یہ بات اچھی طرح سے جانتے تھے، پھر بھی انہوں نے پورے ملک کو گمراہ کیا اور لوگوں کو بے وجہ تحریک میں ڈھکیلا۔


آخرکار 2جی اور کوئلہ گھوٹالے جیسے وہ تمام بڑے الزام، جو انہوں نے لوگوں کو خلاف کرنے کے لیے اس وقت کی حکومت پر عائد کیے تھے، بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے فطری طور پر غائب ہو گئے۔ اب وہی لوک پال جسے کبھی انسداد بدعنوانی کے بڑے ادارہ کے طور پر پیش کیا گیا تھا اب عیش و عشرت میں مصروف ہے اور پورے ملک میں ہو رہے بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور لوٹ کا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ جمہوریت مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، معیشت کساد بازاری کا شکار ہے، لوگوں کے پاس نہ تو ملازمت ہیں اور نہ ہی ذریعہ معاش، انا ہزارے اور ان کی پوری ٹیم مکمل طور سے خاموش ہے۔

واضح رہے کہ لوک پال کی جانب سے جاری ٹینڈر میں لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کا لوک پال 7 بی ایم ڈبلیو 3 سیریز 330 ایل آئی کاروں کی فراہمی کے لیے مشہور ایجنسیوں کو کھلے ٹینڈرز کے لیے مدعو کرتا ہے۔‘‘ اس میں ’لمبی وہیل بیس‘ اور سفید رنگ کے ’ایم اسپورٹ‘ ماڈل کی خرید کا ذکر ہے۔ بی ایم ڈبلیو کی ویب سائٹ کے مطابق 3 سیریز کی لمبی وہیل بیس کار اس سیگمنٹ میں سب سے لمبی ہے اور اسے بے حد شاندار کیبن میں بہترین آرام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مذکورہ کار کی نئی دہلی میں آن-روڈ قیمت تقریباً 69.5 لاکھ روپے ہے۔


ٹینڈر دستاویز کے ’ٹریننگ کیئر‘ سیکشن میں کہا گیا ہے کہ منتخب وینڈر/فرم کو فراہم کی جانے والی بی ایم ڈبلیو کاروں کے موثر، محفوظ اور بہترین آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے ہندوستان کے لوک پال کے ڈرائیوروں اور دیگر نامزد اسٹاف کے لیے ایک جامع عملی اور نظریاتی تربیتی پروگرام منعقد کرنا ہوگا۔ ٹریننگ لوک پال کے احاطہ میں یا باہمی رضامندی سے کسی دیگر مناسب جگہ پر منعقد کیا جائے گا۔ لوک پال کا دفتر دہلی کے وسنت کنج انڈسٹریل علاقہ میں ہے۔ بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر ہے اور بولی لگانے والوں کو 10 لاکھ روپے کی بیعانہ رقم جمع کرنی ہوگی، بولی اگلی روز کھولی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔