لوک سبھا انتخابات 2024: سماجوادی پارٹی کی ایک اور فہرست جاری، لالو یادو کے داماد کو بنایا قنوج سے امیدوار

سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا کے لیے اپنی ایک اور فہرست جاری کرتے ہوئے قنوج اور بلیا کی سیٹوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اسی کے ساتھ سماجوادی پارٹی اب تک اپنے 46 امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سماجوادی پارٹی علامتی تصویر</p></div>

سماجوادی پارٹی علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی ایک اور فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں قنوج اور بلیا کی سیٹوں سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ قنوج سے اکھلیش یادو نے اپنے خاندان کے رکن اور لالو پرساد یادو کے داماد تیج پرتاپ یادو کوٹکٹ دیا ہے، جبکہ بلیا سے سناتن پانڈے کو میدان میں اتارا ہے۔

قنوج سیٹ کو لے کر سماجوادی پارٹی میں کافی دنوں سے صلاح و مشورہ جاری تھا اور کہا جا رہا تھا کہ پارٹی سربراہ اکھلیش یادو خود اس سیٹ سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ مگر اب تصویر واضح ہو گئی ہے کہ اکھلیش یادو فی الحال لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گے۔ انہوں نے اپنی پرانی سیٹ سے اپنے بھتیجے کو میدان میں اتارا ہے۔ تیج پرتاپ یادو کے والد رنویر سنگھ یادو اکھلیش یادو کے چچازاد بھائی تھے۔ ان کا انتقال 36 سال کی عمر میں ہو گیا تھا۔ وہ سیاست میں سرگرم تھے اور بلاک چیف بھی تھے۔ اس کے بعد ان کی اہلیہ مردولا یادو بھی سیفئی کی بلاک چیف رہیں۔ تیج پرتاپ کی اہلیہ راج لکشمی بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر لالو پرساد یادو کی بیٹی ہیں۔


تیج پرتاپ یادو مین پوری سے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ ملائم سنگھ یادو نے 2014 کے انتخابات میں دو سیٹوں اعظم گڑھ اور مین پوری سے الیکشن لڑا اور دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تو انہوں نے مین پوری سیٹ چھوڑ دی تھی۔ وہاں پر ضمنی انتخاب ہوا جس پر سماجوادی پارٹی نے تیج پرتاپ کو میدان میں اتارا تھا۔ وہ وہاں سے جیت کر پہلی بار ملک کی سب سے بڑی پنچایت یعنی پارلیمنٹ میں پہنچے تھے۔ مگر تیج پرتاپ کو 2019 کے انتخابات میں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا اور ملائم سنگھ نے مین پوری سے خود الیکشن لڑا تھا۔ ملائم سنگھ کی موت کے بعد ڈمپل یادو نے اس سیٹ پر ضمنی انتخاب جیتا تھا۔

قنوج کے علاوہ سماجوادی پارٹی نے بلیا سیٹ سے بھی اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کیا ہے۔ یہاں سے اس نے سناتن پانڈے کو میدان میں اتارا ہے۔ سناتن پانڈے بلیا کی چلکہار سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ انہیں سماجوادی پارٹی کی حکومت میں وزیر بھی بنایا گیا تھا۔ سناتن پانڈے کا مقابلہ بی جے پی کے امیدوار اور سابق وزیر اعظم چندر شیکھر کے بیٹے نیرج شیکھر سے ہوگا، جو یہاں سے دو بار پارلیمانی انتخاب جیت رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔