بی جے پی کو مغربی بنگال میں لگ رہا جھٹکے پر جھٹکا، پھر ایک رکن اسمبلی ترنمول میں شامل

ہفتہ کے روز بی جے پی کا مزید ایک رکن اسمبلی ترنمول کانگریس میں شامل ہو گیا، کالیا گنج سے بی جے پی رکن اسمبلی نے ترنمول میں واپسی کے وقت پہلے ساتھ چھوڑنے کے لیے معافی بھی مانگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الیکشن کمیشن نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال کے اس بھوانی پور میں ضمنی الیکشن کا اعلان کر دیا ہے جہاں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مغربی بنگال اسمبلی کے لیے منتخب ہونے کی کوشش کریں گی۔ لیکن اس کے ساتھ ہی بی جے پی کو ترنمول کانگریس نے ایک ایسا جھٹکا دیا ہے جس سے ریاست میں پارٹی کی بنیاد مزید کمزور ہو جائے گی۔ دراصل مزید ایک بی جے پی رکن اسمبلی نے پارٹی چھوڑ کر ترنمول کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ ہفتہ کے روز بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والے کالیا گنج رکن اسمبلی سومین رائے نے بنگال اسمبلی انتخاب سے قبل ترنمول چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی، لیکن اب انھوں نے گھر واپسی کر لی ہے۔ اس طرح سے بی جے پی چھوڑ کر ترنمول میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی ہے۔

کالیا گنج سے رکن اسمبلی سومین رائے ہفتہ کو ریاستی وزیر اور پارٹی لیڈر پارتھ چٹرجی کی موجودگی میں کولکاتا میں ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔ رائے نے پارٹی میں اپنی واپسی کو صحیح ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے کچھ حالات کے سبب کالیا گنج سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا پڑا۔ لیکن میری روح اور دل ترنمول کانگریس سے ہی جڑے ہیں۔ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی کوششوں کی حمایت کرنے کے لیے پھر سے پارٹی میں شامل ہوا ہوں۔ میں اس وقت کے لیے پارٹی سے معافی مانگتا ہوں جب میں اس کے ساتھ نہیں تھا۔‘‘


واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں بی جے پی دو اراکین اسمبلی بانکورا ضلع کے وشنو پور سے تنمے گوھش اور شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بگدا سے بسوجیت داس ترنمول میں شامل ہوئے۔ ترنمول میں شامل ہونے والے پہلے بی جے پی رکن اسمبلی مکل رائے تھے، جو پارٹی کے قومی نائب صدر تھے۔ انھوں نے کرشنا نگر شمال سے الیکشن جیتا تھا۔

اس سے قبل رائے نے 2017 میں ترنمول کانگریس کو چھوڑ دیا تھا اور بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ دیگر تین اراکین اسمبلی اس سال ماچ-اپریل میں ہوئے اسمبلی انتخاب سے ٹھیک پہلے بی جے پی میں جانے سے قبل برسراقتدار ترنمول میں تھے۔ جب سے ترنمول نے مغربی بنگال الیکشن میں جیت حاصل کی ہے۔ کئی لیڈر، جو اسمبلی الیکشن سے قبل ترنمول خیمے سے بی جے پی میں چلے گئے تھے، پارٹی میں پھر سے لوٹ آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔