انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ: والد نے پھر دہرایا سی بی آئی جانچ کا مطالبہ، کانگریس کا سوال- ’کیا اب دھامی انصاف دلائیں گے؟‘
انکیتا بھنڈاری کے والد نے قتل معاملے میں پھر سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے وزیر اعلیٰ دھامی سے وعدہ پورا کرنے اور انصاف دلانے کا سوال اٹھایا، جب کہ ریاست بھر میں احتجاج جاری ہے

اتراکھنڈ کی انکیتا بھنڈاری کے قتل کو 4 سال کے قریب عرصہ گزر چکا ہے مگر انصاف کی تلاش آج بھی جاری ہے۔ کانگریس نے بدھ کے روز انکیتا کے والد کی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے ایک بار پھر قتل معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ دہرایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اب گیند پوری طرح وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے پالے میں ہے اور یہ واضح ہو جانا چاہیے کہ وہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلائیں گے یا بااثر افراد کو تحفظ فراہم کریں گے۔
کانگریس نے یاد دلایا کہ ایک دن پہلے ہی وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا تھا کہ انکیتا کے والدین جو کہیں گے، حکومت وہی قدم اٹھائے گی۔ اس بیان کے فوراً بعد انکیتا کے والد نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی جانچ مرکزی تفتیشی ایجنسی کے سپرد کی جائے اور تمام متعلقہ افراد، بشمول ایک وی آئی پی کی کال تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں۔ انکیتا کے والد نے خاص طور پر 17 سے 23 ستمبر 2022 کے درمیان کی کال تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے جو وعدہ کیا تھا، اس کی آزمائش اب شروع ہو چکی ہے۔ پارٹی نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت واقعی متاثرہ خاندان کی بات مانے گی یا پھر سیاسی دباؤ اور بااثر حلقوں کے تحفظ کو ترجیح دے گی۔ کانگریس کے مطابق انکیتا کے والدین کئی بار سی بی آئی جانچ کی مانگ کر چکے ہیں اور یہاں تک کہ عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا گیا، مگر حکومت نے اب تک کوئی حتمی قدم نہیں اٹھایا۔
ادھر، اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گودیال نے کہا کہ ریاست بھر میں انکیتا کو انصاف دلانے کے لیے عوامی تحریک بن چکی ہے۔ سیاسی و سماجی تنظیموں کے ساتھ عام شہری بھی سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور حکومت کے پاس اب سی بی آئی جانچ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اپنی حکومت کی ساکھ بچانے کے لیے فیصلہ کرنے کی ذمہ داری متاثرہ خاندان پر ڈال رہے ہیں۔
گودیا ل نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ قتل کے بعد ریزورٹ پر بلڈوزر کارروائی کس کے حکم پر ہوئی اور کیا اس سے اہم شواہد متاثر نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی پولیس آزادانہ طور پر جانچ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، اس لیے اعلیٰ عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی جانچ ہی واحد قابلِ اعتماد راستہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔