انکیتا بھنڈاری قتل: کانگریس کا سی بی آئی جانچ کا مطالبہ، بی جے پی قیادت پر سنگین الزامات
انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ پر کانگریس نے بی جے پی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ غیر جانبدار جانچ کے بغیر انکیتا کو انصاف ممکن نہیں

اتراکھنڈ میں انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ ایک بار پھر سیاسی اور عوامی بحث کا مرکز بن گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی چیئرپرسن سپریا شرینیت نے کہا ہے کہ ’انکیتا بھنڈاری کو انصاف دو‘ کا نعرہ پورے اتراکھنڈ میں گونج رہا ہے اور پہاڑ کی ایک بیٹی کے ساتھ سنگین ناانصافی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق انکیتا پر جسم فروشی کا دباؤ بنایا گیا اور انکار پر بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ سپریا شرینیت نے الزام لگایا کہ ثبوت مٹانے کے لیے متعلقہ ہوٹل پر فوری طور پر بلڈوزر چلا دیا گیا، کیونکہ اس معاملے میں بی جے پی کے ایک رہنما کا بیٹا شامل تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب یہ معاملہ مزید سنگین رخ اختیار کر رہا ہے اور اس جرم کی کڑیاں بی جے پی کے قومی سطح کے ایک اعلیٰ رہنما تک جا پہنچتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتراکھنڈ کے عوام ہی نہیں بلکہ بی جے پی کے لوگ بھی انصاف کی امید کر رہے ہیں، مگر موجودہ ریاستی حکومت خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ سپریا شرینیت کے مطابق انکیتا کو انصاف تبھی مل سکتا ہے جب اس معاملے کی مکمل اور غیر جانبدار جانچ سی بی آئی کو سونپی جائے۔
دوسری جانب مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے کہا کہ انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ پر اتراکھنڈ سمیت پورے ملک میں غصہ پایا جاتا ہے اور لوگ سڑکوں پر نکل کر انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلسل سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اس معاملے میں وہ وی آئی پی کون تھا، جس کے لیے انکیتا پر دباؤ ڈالا گیا۔ الکا لامبا نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعلیٰ پشکر دھامی کو سی بی آئی جانچ کے مطالبے کو تسلیم کرنا ہوگا اور اب وہ اس سے بچ نہیں سکتے۔
کانگریس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پوسٹ میں بھی بی جے پی پر سخت الزامات لگائے گئے ہیں۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور اتراکھنڈ کے انچارج دُشینت گوتم کا نام سامنے آ رہا ہے اور انکیتا پر انہیں سروس دینے کا دباؤ بنایا گیا تھا۔ الزام ہے کہ انکار پر اسے قتل کر دیا گیا اور ریاستی و مرکزی حکومتیں غیر جانبدار جانچ سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کانگریس نے واضح کیا ہے کہ ملک کی بیٹی انکیتا کو انصاف دلانے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور سچ کے سامنے آنے کے لیے اس معاملے کی فوری طور پر سی بی آئی جانچ کرانا ناگزیر ہے، تاکہ قصورواروں کو کڑی سزا دی جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔