دہلی حکومت کی وعدہ خلافیوں اور بدتر حکمرانی سے ناراض دہلی کانگریس نے 4 اگست کو احتجاجی مظاہرہ کا کیا اعلان

دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے دہلی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد 6 مہینوں میں عوام کے لیے ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جس کا اس نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / بشکریہ ایکس</p></div>

دیویندر یادو / بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے 4 اگست بروز پیر صبح 11 بجے چندگی رام اکھاڑہ میں دہلی حکومت کی کارگزاریوں کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کانگریس کارکنان اور دہلی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہلی میں تقریباً 15,000 جھگی جھونپڑی والوں کو بے دخل کیے جانے، نظامِ قانون کے بگڑتے حالات، بڑھتے ہوئے جرائم، منشیات کے پھیلتے کاروبار، خواتین سے 2500 روپے ماہانہ دینے کا جھوٹا وعدہ اور آبی جماؤ کے خلاف پارٹی کے احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہوں۔ اس مظاہرہ کے دوران رام اکھاڑی، ٹروما سینٹر پہنچ کر دہلی اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کے ذریعہ جھگی جھونپڑی توڑنے کی مہم سے پریشان لوگوں کا درد سننے کے لیے عوامی ہیرو راہل گاندھی جھگی جھونپڑی علاقوں میں موجود عوام کے درمیان پہنچے اور ان کی آواز پارلیمنٹ میں بلند کی۔ مسلسل دہلی کانگریس کے دباؤ اور راہل گاندھی کی مداخلت کے بعد ریکھا گپتا نے توڑ پھوڑ پر روک لگانے کا وعدہ ضرور کیا، لیکن بی جے پی نے اقتدار میں آنے کے صرف 6 مہینوں میں جو تقریباً 15,000 جھگی والوں کو بے دخل کیا ہے، ان کے مسائل حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ جھگی کی جگہ انہیں وہیں مکان دینے کے لیے کوئی عملی اقدام یا منصوبہ ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔


دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے دہلی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد 6 مہینوں میں عوام کے لیے ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جس کا اس نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ریکھا گپتا نے نظامِ قانون کی بہتری کے لیے وزیر داخلہ کے ساتھ میٹنگ کی اور دہلی میں آبی جماؤ ختم کرنے کے لیے ٹی وی چینل پر اعلانات کیے، خواتین کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا بجٹ نہرو اسٹیڈیم میں یوم خواتین کے موقع پر مختص کیا اور وزیر اعظم نے ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ کا جھوٹا وعدہ کر کے دہلی کے غریب اور مستحق عوام کو دھوکہ دیا۔ دہلی کانگریس صدر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود اپنی انتخابی ریلیوں میں کئی بار ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ اور خواتین کو 2500 روپے ماہانہ دینے کی بات کہہ چکے ہیں، لیکن زمینی حقیقت دہلی کی عوام کے سامنے ہے۔ بی جے پی اپنے ہی وعدوں سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔