وزیر اعلیٰ کھٹر کا انبالہ میں ’سیاہ پرچم‘ دکھا کر ہوا استقبال، ناراض کسانوں نے روکا راستہ

منوہر لال کھٹر کو انبالہ میں کسانوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی کے وارڈ امیدواروں کی تشہیر کے لیے پہنچے کھٹر کو مظاہرین کسانوں نے سیاہ پرچم تو دکھایا ہی، ان کا راستہ بھی روکا۔

منوہر لال کھٹر کی فائل تصویر
منوہر لال کھٹر کی فائل تصویر
user

تنویر

بی جے پی لیڈروں و کارکنوں کو ان دنوں اکثر کسانوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو بھی منگل کے روز انبالہ میں کسانوں کے سخت احتجاج سے دو چار ہونا پڑا۔ مظاہرین کسانوں نے وزیر اعلیٰ کھٹر کو انبالہ میں نہ صرف سیاہ پرچم دکھائے، بلکہ میئر اور وارڈ انتخابات کے پیش نظر بی جے پی امیدواروں کی انتخابی تشہیر کرنے پہنچے وزیر اعلیٰ کا راستہ بھی روکا۔ جب کھٹر کا قافلہ شہرکے اگرسین چوک سے گزر رہا تھا، کسانوں نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ حالانکہ پولس نے انھیں ایسا کرنے سے روک دیا اور وزیر اعلیٰ کے لیے ایک محفوظ راستہ ہموار کر دیا۔

دراصل کھٹر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے بی جے پی کے میئر اور وارڈ امیدواروں کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے کے لیے انبالہ پہنچے تھے۔ جیسے ہی ان کا قافلہ کسانوں کے سامنے سے گزرا تو کسان وزیر اعلیٰ کو پرامن طریقے سے سیاہ پرچم دکھانے لگے۔ مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے پولس نے وزیر اعلیٰ کی گاڑیوں کو دوسرے راستے کی طرف موڑ دیا۔ اس بات سے ناراض کسان ان کے خلاف نعرہ بازی کرنے لگے۔ جب پولس نے ان کو خاموش کرانے کی کوشش کی تو دیکھتے ہی دیکھتے کسان مزید مشتعل ہو گئے اور جس گاڑی میں کھٹر سوار تھے، اس پر ڈنڈے برسانا شروع کر دیا۔


ڈنڈا برسانے کے ساتھ ساتھ کسانوں نے وزیر اعلیٰ کھٹر کے خلاف خوب نعرہ بازی کی۔ اس ہنگامہ کی وجہ سے کئی سردار کسانوں کی پگڑیاں گر گئیں، جس سے کسان مزید مشتعل ہو گئے اور پولس سے دھکا مکی پر اتر آئے۔ پولس کے ساتھ ہوئی دھکا مکی میں کئی کسانوں کو چوٹیں بھی آئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔