آندھرا پردیش: بس کے کھائی میں گرنے سے 8 افراد ہلاک، 23 زخمی

پولیس نے بتایا کہ جب راہگیروں نے انہیں دیکھا تو انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ کافی کوشش کے بعد پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو بس سے باہر نکالا۔

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

تروپتی: آندھرا پردیش کے ضلع چتور کے بھاکرا گاؤں کے نزدیک بھاکر پیٹ گھاٹ روڈ پر ایک نجی بس کے کھائی میں گرنے سے آٹھ افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے، جن میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کو منگنی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے 46 افراد تروچوراپلی جا رہے تھے۔ وہ سہ پہرتقریباً 3 بجے ضلع اننت پور دھرما ورم سے روانہ ہوئے۔ اس دوران ایک موڑ پر ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہوگیا، جس کے نتیجے میں بس 60 فٹ گہری کھائی میں جاگری، جس میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جب کہ دو مزید علاج کے دوران کل رات دم توڑ گئے۔

پولیس نے بتایا کہ جب راہگیروں نے انہیں دیکھا تو انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ کافی کوشش کے بعد پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو بس سے باہر نکالا۔ مہلوکین میں سے بیشتر بس کے اگلے حصے میں بیٹھے تھے۔


چھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ ڈرائیور انتہائی لاپرواہی سے اورکافی تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا۔ اس دوران گھاٹ روڈ پر ایک موڑ پر اس کی نظر نہیں پڑی اور گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں ڈرائیور اور کلینر کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین کی شناخت ملیشیٹی وینگاپا (60)، ملیشیٹی مرلی (45)، کانتمما (40)، ملیشیٹی گنیش (40)، جے یشسوینی (8)، آدینارائن ریڈی، نبی رسول (بس ڈرائیور) اور ایک کلینر کے طور پر کی گئی ہے۔

دریں اثنا پنچایت راج کے وزیر پیڈیریڈی رام چندر ریڈی نے اسپتال میں متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مہلوکین کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔


انہوں نے کلکٹر اور ایس پی سے فون پر بات کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کے علاج کی نگرانی کریں اور مرنے والوں کے اہل خانہ کو مدد فراہم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو روئیا، ایس وی آئی ایم ایس اور برڈ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ گورنر وشو بھوشن ہری چندن نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکام کو زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */