اننت ناگیشورن کو بنایا گیا ملک کا نیا چیف معاشی مشیر

سابق چیف معاشی مشیر کے وی سبرامنیم کی مدت کار گزشتہ سال 17 دسمبر کو مکمل ہو گئی تھی، اس کے بعد سے ہی چیف معاشی مشیر کا عہدہ خالی تھا۔

اننت ناگیشورن
اننت ناگیشورن
user

قومی آوازبیورو

بجٹ اجلاس شروع ہونے سے ٹھیک پہلے مرکزی حکومت نے نئے چیف معاشی مشیر کے طور پر ڈاکٹر وی اننت ناگیشور کی تقرری کی ہے۔ انھوں نے فوری اثر سے نئے چیف معاشی مشیر یعنی چیف اکونومک ایڈوائزر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ناگیشورن کی تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب حکومت آئندہ ہفتے بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ اس سال بجٹ اجلاس کی شروعات 31 جنوری سے ہونے جا رہی ہے۔ اسی دن پارلیمنٹ میں معاشی تجزیہ پیش کیا جانا ہے۔ مالی سال 23-2022 کا عام بجٹ مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن یکم فروری کو پیش کریں گی۔

واضح رہے کہ سابق چیف معاشی مشیر کے وی سبرامنیم کی مدت کار گزشتہ سال 17 دسمبر کو مکمل ہو گئی تھی۔ اس کے بعد انھوں نے تعلیمی شعبہ میں لوٹنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 17 دسمبر سے چیف معاشی مشیر کا عہدہ خالی تھا۔ ناگیشورن کے علاوہ اس عہدہ پر تقرری کے لیے پرنسپل معاشی مشیر سنجیو سانیال، دہلی اسکول آف اکونومکس کی پروفیسر پامی دُوا، نیشنل کونسل آف ایپلائیڈ اکونومک ریسرچ کی ڈائریکٹر جنرل پونم گپتا کے نام پر بھی غور کیا گیا تھا۔


اننت ناگیشور سال 2019 سے 2021 کے درمیان وزیر اعظم کے معاشی مشاورتی کونسل میں پارٹ ٹائم رکن رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک مصنف، استاذ اور صلاحکار جیسی کئی ذمہ داریاں وہ نبھا چکے ہیں۔ وہ ہندوستان کے مشہور بزنس اسکول اور مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی فیکلٹی رہ چکے ہیں۔ ساتھ ہی سنگاپور کے کئی تعلیمی اداروں میں بھی استاذ رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔