سنیوکت کسان مورچہ کا ’مشن یوپی‘ 3 فروری سے، بی جے پی کو ’سزا‘ دینے کا عزم

کسان لیڈران آئندہ 3 فروری کو پریس کانفرنس کر ’مشن یوپی‘ کے اگلے دور کا آغاز کریں گے، اس کے علاوہ سنیوکت کسان مورچہ کی اپیل پر 31 جنوری کو ملک بھر میں ’یومِ غداری‘ منائے جانے کی تیاری بھی ہو چکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

متنازعہ زرعی قوانین کے ملتوی ہونے کے باوجود کسان لیڈران کئی مطالبات کو نہیں مانے سے ناراض ہیں۔ اس ناراضگی نے ایک بار پھر بی جے پی حکومت کے خلاف آواز اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ کسان لیڈران آئندہ انتخابات کے پیش نظر خصوصی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ سنیوکت کسان مورچہ نے 3 فروری سے ’مشن یوپی‘ کا اگلا دور شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں لوگوں کے درمیان جا کر بی جے پی کی اصلیت بتائی جائے گی۔

سنیوکت کسان مورچہ نے جمعہ کو ایک بیان جاری کر کہا کہ لکھیم پور کھیری واقعہ میں اجئے مشرا ٹینی کو برخاست اور گرفتار نہ کرنے، مرکزی حکومت کے ذریعہ کسانوں سے غداری کرنے اور اتر پردیش حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کو لے کر اتر پردیش کی عوام سے بی جے پی کو سزا دینے کی اپیل کی جائے گی۔


مشن اتر پردیش کے تحت کسان 3 فروری کو ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ نئے دور کی شروعات کریں گے۔ اس کے علاوہ سنیوکت کسان مورچہ کی اپیل پر 31 جنوری کو ملک بھر میں ’یومِ غداری‘ منائے جانے کی تیاریاں بھی ہو چکی ہیں۔ اس کے لیے کسان ضلع و تحصیل سطح پر بڑے مظاہرے کا انعقاد کریں گے۔ سنیوکت کسان مورچہ کی کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ میں اس پروگرام کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔ مورچہ کو امید ہے کہ یہ پروگرام ملک کے کم از کم 500 اضلاع میں منعقد کیا جائے گا۔

دراصل کسانوں کے مطابق حکومت کے ساتھ ہوئے سمجھوتے کے تحت ابھی تک حکومت نے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے۔ اسی کی مخالفت میں سنیوکت کسان مورچہ نے 15 جنوری کی اپنی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا تھا۔ ساتھ ہی 31 جنوری کو مظاہرہ کے دوران مرکزی حکومت کے نام عرضداشت بھی دیا جائے گا۔ سنیوکت کسان مورچہ کے لیڈروں نے کہا کہ حکومت کا کسان مخالف رخ اس بات سے ظاہر ہو جاتا ہے کہ 15 جنوری کے فیصلے کے بعد بھی حکومت ہند نے 9 دسمبر کے اپنے خط میں کیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔


کسان تحریک کے دوران ہوئے کیس کو فوراً واپس لینے اور شہید کنبوں کو معاوضہ دینے کے وعدے پر پچھلے دو ہفتہ میں کوئی بھی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ وہیں ایم ایس پی کے ایشو پر حکومت نے کمیٹی کی تشکیل کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔ اس لیے مورچہ نے ملک بھر میں کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’یومِ غداری‘ کے ذریعہ حکومت تک اپنی ناراضگی پہنچائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔