امرت بھارت اسٹیشن اسکیم: پی ایم مودی تلنگانہ میں 6 اگست کو 21 ریلوے اسٹیشنوں کا رکھیں گے سنگ بنیاد
مرکز کی کوشش ہے کہ ملک کے ریلوے اسٹیشنوں کو کس طرح مسافروں کے لیے سہولت سے بھرپور اور بہتر بنایا جائے، اس کے لیے راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستوں میں اسٹیشنوں کو نئی شکل دینے کا کام کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ 6 اگست کو تلنگانہ میں 21 اسٹیشنوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان ریلوے اسٹیشنوں کو مرکزی حکومت کی ’امرت بھارت اسٹیشن اسکیم‘ کے تحت ڈیولپ کیا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے تلنگانہ میں ایسے مجموعی طور پر 39 اسٹیشنوں کی شناخت کی گئی ہے۔ منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں 21 اسٹیشنوں کو شامل کیا گیا ہے اور ان اسٹیشنوں کو پوری طرح سے ہائی ٹیک اور جدید سہولیات سے مزین بنایا جائے گا۔
امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت حکومت اسٹیشنوں کی جدیدکاری، مسافروں کی سہولت، صفائی، مفت وائی فائی وغیرہ پر توجہ مرکوز کرے گی۔ وزیر اعظم پہلے ہی 715 کروڑ روپے کی لاگت سے سکندر آباد ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ چکے ہیں، جبکہ 221 کروڑ روپے کی لاگت سے چیرلاپلی ریلوے اسٹیشن کی بھی از سر نو تعمیر کی جا رہی ہے۔
دراصل مرکز کی کوشش ہے کہ ملک کے ریلوے اسٹیشنوں کو کس طرح مسافروں کے لیے سہولت سے بھرپور اور بہتر بنایا جائے۔ اس کے لیے راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستوں میں اسٹیشنوں کو نئی شکل دینے کا کام کیا گیا ہے اور کئی ریاستوں میں یہ کام جاری بھی ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں کی جدیدکاری اور بنیادی ڈھانچے میں بدلاؤ حکومت کی ترجیح رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پی ایم مودی نے 25 سال کا ایک ہدف طے کر رکھا ہے اور اس دوران ملک کو پوری طرح سے خود کفیل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ اسی ضمن میں انڈین ریلوے کی طرف سے امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کی شروعات کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت آئندہ 50 سال کی ضرورتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے نشان زد کیے گئے اسٹیشنوں کو ڈیولپ کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔