’5 طرح کے چوروں میں سب سے خطرناک ہے ووٹ چور‘، کانگریس کا پی ایم مودی پر حملہ جاری
کانگریس نے کہا کہ بہار کی 39 اسمبلی سیٹوں پر مشتبہ ووٹوں کی تعداد 3.76 لاکھ ہے۔ اس میں تقریباً 1.88 لاکھ نام ایسے ہیں جو لسٹ میں 2 مرتبہ درج ہیں۔ یہ واضح طور سے ’ووٹ چوری‘ ہے۔

راہل گاندھی کی قیادت میں 17 اگست سے شروع ہوئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ ختم ہو گئی ہے، لیکن کانگریس نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف اپنی مہم کو کمزور نہیں ہونے دیا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ کانگریس نے پی ایم مودی پر اپنا حملہ جاری رکھا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا جا رہا ہے۔ آج کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک ایسی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں 5 طرح کے چوروں کا ذکر کیا گیا ہے، اور ان میں ’ووٹ چور‘ کو سب سے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں بیک گراؤنڈ سے آواز آتی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ’’دنیا میں 5 طرح کے چور ہوتے ہیں۔ جیب کترے، سیندھ مار، لٹیرے، سائبر چور، اور ان سب سے خطرناک ووٹ چور۔‘‘ پھر سوال کیا جاتا ہے ’’ووٹ چور کون ہے؟‘‘ سوال ختم ہوتے ہی ایک پوسٹر دکھائی دیتا ہے جس میں نریندر مودی کی تصویر کے اوپر ’لاپتہ‘ لکھا ہوتا ہے اور تصویر کے نیچے جلی حروف میں لکھا گیا ہے ’’نام: نریندر مودی۔ بدنام زمانہ ووٹ چور۔‘‘ اس کے نیچے خفی حروف میں لکھا گیا ہے ’’ووٹ چرانے، ووٹر لسٹ سے نام کٹوانے، فرضی طریقے سے انتخاب جیتنے میں ماہر۔‘‘ اس کے بعد کانگریس کے ذریعہ تیار ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ کا نعرہ موسیقی کے ساتھ بلند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے ہی ’رپورٹرس کلیکٹیو‘ کی ایک رپورٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے، جس میں ایس آئی آر کے بعد جاری بہار کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں موجود خامی کو ظاہر کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اس خامی کو ’ووٹ چوری‘ قرار دیا ہے۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بہار میں ایس آئی آر کا فرضی واڑا دیکھیے۔ 39 اسمبلی سیٹوں پر پر مشتبہ ووٹوں کی تعداد 3.76 لاکھ ہے۔ اس میں تقریباً 1.88 لاکھ نام ایسے ہیں جو لسٹ میں 2 بار درج ہیں۔ رپورٹرس کلیکٹیو کی خبر میں یہ انکشاف ہوا ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی لکھا گیا ہے ’’یہ صاف طور سے ’ووٹ چوری‘ ہے، جو نریندر مودی اور الیکشن کمیشن مل کر انجام دے رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ ’’یاد رکھیے، ہم بہار میں ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ آج پورے ملک کی عوام کہہ رہی ہے– ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘۔
بہار میں ختم ہوئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی ایک مختصر ویڈیو بھی کانگریس کے ذریعہ پوسٹ کی گئی ہے جس میں راہل گاندھی براہ راست پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے انھیں ’ووٹ چور‘ کہہ رہے ہیں۔ ویڈیو میں راہل گاندھی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے جارحانہ انداز میں کہتے ہیں کہ ’’میں آپ کو گارنٹی دے کر کہہ رہا ہوں، اور اچھی طرح سنیے... نریندر مودی ووٹ چوری کر کے، ووٹ کٹوا کے، ووٹ بڑھا کے انتخاب جیتتا ہے۔ نریندر مودی اور امت شاہ کی مدد ہندوستان کا الیکشن کمیشن کرتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔