’امت شاہ معافی مانگیں اور استعفیٰ دیں‘، ملک گیر سطح پر منعقد پریس کانفرنسز میں کانگریس کا مطالبہ

کانگریس لیڈران نے دہلی، مہاراشٹر، بہار، اتر پردیش، مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں پریس کانفرنس کر امت شاہ سے معافی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی بے عزتی کبھی برداشت نہیں کریں گے۔

گرافکس @INCIndia

گرافکس @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

پارلیمنٹ میں آئین پر بحث کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے تعلق سے متنازعہ بیان دے کر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ کانگریس لگاتار اس ایشو کو اٹھا رہی ہے اور ملک گیر سطح پر ایک مہم شروع کر کے امت شاہ سے معافی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ صرف معافی ہی نہیں بلکہ ان سے وزارتی عہدہ چھوڑنے کی مانگ بھی زور و شور سے جاری ہے۔ آج کانگریس کے سرکردہ لیڈران نے ملک گیر سطح پر پریس کانفرنس کر امت شاہ کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ مختلف ریاستوں میں منعقد پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈران نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ جب تک ڈاکٹر امبیڈکر کے خلاف بولے گئے قابل اعتراض الفاظ پر امت شاہ معافی نہیں مانگیں گے، ان کی مہم جاری رہے گی۔

کانگریس نے آج جن ریاستوں میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا ان میں دہلی (خطاب: دیویندر یادو)، تریپورہ (خطاب: سدیپ رائے برمن)، آسام (خطاب: گورو گگوئی)، پنجاب (خطاب امرندر سنگھ راجہ)، مغربی بنگال (خطاب: ادھیر رنجن چودھری)، جموں و کشمیر (خطاب: رمن بھلّا اور رویندر شرما)، بہار (خطاب: اکھلیش پرساد سنگھ اور موہن پرکاش)، اتر پردیش (خطاب: سلمان خورشید، پرمود تیواری، اجئے رائے اور کشوری لال شرما)، اتراکھنڈ (خطاب: گردیپ سپّل)، اڈیشہ (خطاب: سپتاگری اُلاکا)، مدھیہ پردیش (خطاب: سپریا شرینیت، دگ وجئے سنگھ اور کملیشور پٹیل)، مہاراشٹر (خطاب: رویندر چوان اور ڈاکٹر نامدیو کرسان) وغیرہ شامل ہیں۔

دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر ’راجیو بھون‘ میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’آئین تیار کرنے والے بابا صاحب امبیڈکر کی پارلیمنٹ میں بے عزتی کرنے والے وزیر داخلہ امت شاہ کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔ ان کا بیان کسی بھی حال میں معافی کے لائق نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے اعلان کیا کہ دہلی کانگریس کل سبھی 14 ضلع کانگریس کمیٹیوں اور 70 اسمبلی حلقوں کے بلاک کانگریس کمیٹیوں میں امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ’پد یاترا‘ نکالے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو

رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے بھی مرکزی وزیر داخلہ سے ان کے بیان کے لیے معافی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’ہم ملک بھر میں پریس کانفرنس کر امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امت شاہ کو اپنے بیان کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ بی جے پی غلط تشہیر اور جھوٹی ایف آئی آر کے ذریعہ ملک کا دھیان بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’انڈیا بلاک بھی متحد ہو کر یہ مطلابہ کر رہا ہے کہ امت شاہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں اور ہتک آمیز الفاظ کے لیے معافی مانگیں۔ اگر وہ معافی نہیں مانگتے ہیں تو بی جے پی اور امت شاہ کو یہ بیان آنے والے وقت میں بہت بھاری پڑنے والا ہے۔‘‘

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی تلخ تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’امبیڈکر جی کو لے کر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جو بیان دیا ہے، اس کے لیے تو وزیر اعظم نریندر مودی کو چاہیے کہ وہ شاہ کو کمرے میں بلا کر اٹھک بیٹھک لگواتے اور استعفیٰ مانگتے۔ لیکن اس کی جگہ وہ ان کی حمایت میں ٹوئٹ کر رہے ہیں۔ انھیں بچا رہے ہیں۔‘‘

سپریا شرینیت نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس کی شروع سے ہی سوچ آئین اور ریزرویشن کے خلاف رہی ہے۔ چاہے ساورکر ہوں، گرو گولوالکر ہوں، شیاما پرساد مکھرجی ہوں یا خود موہن بھاگوت جی... سبھی بار بار ریزرویشن کے خلاف بول چکے ہیں۔ یہ لوک سبھا میں 400 سیٹ اس لیے چاہتے تھے کہ آئین کو بدل دیں، جو ملک کی عوام نے ہونے نہیں دیا۔‘‘ پارلیمنٹ میں ہوئی دھکا مُکی معاملے پر سپریا نے کہا کہ ’’یہ محض ایک ڈرامہ ہے۔ وہ (بی جے پی اراکین پارلیمنٹ) جان بوجھ کر اسپتال میں داخل ہوئے اور کیس درج کرایا گیا۔ ہم روزانہ مظاہرہ کر رہے تھے، لیکن جس طرح بی جے پی نے مظاہرہ کیا اس سے حالات خراب ہوئے۔‘‘

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری و دیگر

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری و دیگر

این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے بھی آج مہاراشٹر کے ناگپور شہر میں ایک پریس کانفرنس منعقد کیا۔ انھوں نے ہندوستانی آئین اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات پر بی جے پی-آر ایس ایس کے ذریعہ کیے جا رہے منظم حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ورون چودھری نے سماجی انصاف اور محروم طبقات کے حقوق پر ہو رہے حملوں کو اجاگر کیا اور بی جے پی پر مساوات و ریزرویشن کے بنیادی اصولوں کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔