’گجرات میں امت شاہ کی شبیہ خراب، وہ بہ آسانی ہاریں گے‘

بی جے پی قومی صدر امت شاہ گاندھی نگر پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں اور ان کے خلاف کھڑے کانگریس امیدوار ڈاکٹر چتر سنگھ کا کہنا ہے کہ پورا گجرات امت شاہ کے خلاف ہے اس لیے ان کا جیتنا ممکن نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ریاست گجرات کو بی جے پی کا قلع تصور کیا جاتا ہے، لیکن اس بار کانگریس اس قلع کو قمع کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ گاندھی نگر پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار ڈاکٹر چتر سنگھ تو اس بات کو لے کر پرامید ہیں کہ وہ حریف بی جے پی قومی صدر امت شاہ کو اس سیٹ پر بہ آسانی شکست دے دیں گے۔ اس وقت گاندھی نگر اسمبلی سیٹ کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹر چتر سنگھ جون جی چاؤڑا کا کہنا ہے کہ ’’امت شاہ کو شکست دینا کوئی مشکل کام نہیں کیونکہ ان کی شبیہ پورے گجرات میں خراب ہو چکی ہے۔‘‘

چتر سنگھ نے اپنا یہ نظریہ ’ریڈف ڈاٹ کام‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں ظاہر کیا۔ انھوں نے اپنی بات کو صحیح ثابت کرنے کے لیے دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’2014 میں لال کرشن اڈوانی گاندھی نگر سیٹ سے 422000 ووٹوں سے فتحیاب ہوئے تھے۔ 2017 اسمبلی انتخابات میں جیت کا فرق گھٹ کر 242000 پر آ گیا۔ اب ہمیں ان ووٹرس پر محنت کرنی ہے جو بی جے پی چھوڑ کر کانگریس کے لیے ووٹنگ کریں۔ میں ان ووٹروں کا یقین جیتنے کے تئیں پرامید ہوں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے ایسی امید اس لیے ہے کیونکہ امت شاہ کی منفی شبیہ پورے گجرات میں ہے۔ خاص طور سے گجرات کے پٹیل طبقہ کے درمیان شاہ کی شبیہ بہت خراب ہے۔ پٹیل طبقہ امت شاہ کی جگہ کانگریس کے حق میں ووٹ دے گا۔‘‘

اپنے انٹرویو کے دوران گاندھی نگر سے کانگریس امیدوار نے گجرات میں امت شاہ کی منفی شبیہ کا سبب بھی بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ریزرویشن تحریک کے دوران پٹیل طبقہ کے 14 افراد مارے گئے تھے اور اس سے اس طبقہ میں ناراضگی ہے۔ اس تحریک کی قیادت کر رہے ہاردک پٹیل پر غداریٔ ملک قانون کے تحت کارروائی کی گئی۔ چونکہ ہاردک اپنے طبقہ کے لیے ریزرویشن کا مطالبہ کر رہے تھے اس لیے ان سےاس طرح کا برا سلوک نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔‘‘ چتر سنگھ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’گجرات میں کسان اور یہاں تک کہ سرکاری ملازمین بھی بی جے پی کے خلاف الگ الگ ایشوز کو لے کر تحریک چلا چکے ہیں، گویا کہ پوری ریاست امت شاہ کے خلاف ہے اور ان کی فتح کے آثار نظر نہیں آ رہے۔‘‘

گجرات سے دو مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے چتر سنگھ کے مطابق گجرات میں اس وقت ’بدلاؤ کی لہر‘ چل رہی ہے اور کانگریس ریاست میں بی جے پی سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کی قابلیت رکھتی ہے۔ اپنے انٹرویو میں انھوں نے اپنی دلیل پیش کرتے ہوئے یہ بات بھی کہی کہ ’’اگر آپ 2017 کے گجرات اسمبلی انتخابات کو دیکھیں تو پائیں گے کہ کانگریس کو بی جے پی سے صرف 0.1 فیصد ووٹ ہی کم ملے تھے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اس بار کانگریس کے امکانات بہت روشن ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔